شام میں غیر قانونی طور پر امریکی فورسز کی طرف سے فوجی رسد بھیجے جانے کا سلسلہ جاری

شیعیت نیوز: شام میں غیر قانونی طور پرغاصب امریکی فورسز کی طرف سے فوجی رسد بھیجے جانے کا سلسلہ جاری ہے۔
جمعہ اور سنیچر کی درمیانی شب شام کے ایک مقامی ذریعے نے بتایا کہ غاصب امریکیوں نے مشرقی شام کی آئل فیلڈ میں واقع اپنی چھاؤنیوں کے لئے رسد کے طور پر فوجی سازوسامان بھیجا ہے۔
اس شامی ذریعے نے نام ظاہر نہ ہونے کی شرط پر اس بارے میں کہا کہ عراق میں موجود امریکی فورسز نے بکتربند گاڑیوں، ٹینک، بولڈوزر اور سیل بند کنٹینر پر مشتمل 30 ٹرک مشرقی شام بھیجے ہیں۔
ان سیل بند کنٹینروں کے بارے میں خیال ظاہر کیا جا رہا ہے کہ ان میں میزائل اور گولہ بارود تھے۔
امریکیوں نے یہ فوجی رسد ایسی حالت میں شام بھیجا ہے کہ 5 جنوری کو مشرقی شام کے المیادین شہر کی العمر آئل فیلڈ پر 10 میزائیل داغے گئے تھے۔
شامی حکومت اپنے ملک کی سرزمین پر غاصب امریکی فوجیوں اور سیرین ڈیموکریٹک فورسز کی موجودگی کو غیر قانونی قرار دے کر ان کے نکلنے کا مطالبہ کرتی ہے۔
شامی حکومت کا کہنا ہے امریکی فورسز اور سیرین ڈیموکریٹک فورسز ایس ڈی ایف، مشرقی شام میں تیل کے ذخائر کو لوٹنے کے مقصد سے وہاں موجود ہے۔
یہ بھی پڑھیں : حقِ جناب زہراؑ فدک کی حقیقت پر مبنی کتب کی برآمدگی ،عزادارگرفتار، دہشت گردی کی دفعات کے تحت مقدمہ درج
دوسری جانب عرب میڈیا نے اطلاع دی ہے کہ شام کے شمالی صوبے دیرالزور کی العمر آئل فیلڈز میں واقع امریکی فوج کے غیرقانونی اڈے پر آج صبح متعدد راکٹوں کے ساتھ حملہ کیا گیا ہے جس کے باعث اس اڈے سے زوردار دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں۔
العالم کے مطابق آج صبح نامعلوم راکٹ حملے کا نشانہ بننے کے بعد امریکی فوجی اڈے سے سیاہ دھوئیں کے گہرے بادل بھی اٹھتے دیکھے گئے ہیں۔
مقامی میڈیا کے مطابق شامی علاقے المیادین کی جانب سے امریکی فوجی اڈے پر کم از کم 8 راکٹ فائر کئے گئے تھے جو سب کے سب امریکی بیس کے احاطے میں جا گرے اور یکے بعد دیگرے زوردار دھماکوں سے پھٹتے رہے جس کے باعث وسیع نقصان کی توقع ہے۔