ایم ڈبلیوایم کی تعمیر کراچی تعمیر پاکستان کانفرنس کل 29دسمبر کوکراچی پریس کلب میں منعقدہوگی
شیعیت نیوز: شہر قائد کے عوام کو درپیش مسائل ومشکلات، پانی ، بجلی گیس بحران ،صحت و تعلیم کی سہولیات کے فقدان اور بے اختیاربلدیاتی نظام کےخلاف شعبہ امور سیاسیات مجلس وحدت مسلمین پاکستان صوبہ سندھ و کراچی ڈویژن کے زیر اہتمام کل جماعتی کانفرنس بعنوان تعمیر کراچی تعمیر پاکستان کل 29 دسمبر بروز بدھ ،3بجے سہہ پہر کراچی پریس کلب میں منعقد ہوگی۔
ایم ڈبلیوایم کی جانب سے مختلف قومی سیاسی ومذہبی جماعتوں کو دعوت دینے کا سلسلہ مکمل ہوچکاہےاور کل جماعتی کانفرنس کے انعقاد کی تیاریاں بھی مکمل ہوچکی ہیں۔ ایم ڈبلیوایم کے صوبائی سیکریٹری سیاسیات علی حسین نقوی اور ڈویژنل سیکریٹری جنرل علامہ محمد صادق جعفری نے وفود کے ہمراہ مہمان سیاسی جماعتوں اور سیاسی وسماجی شخصیات کو دعوت نامے پہنچائے ۔
ایم کیو ایم پاکستان کے مرکز پر مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے وفد نے اراکین رابطہ کمیٹی سے ملاقات کی اور تعمیر کراچی پاکستان کانفرنس کا دعوت نامہ پیش کیا ۔متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے مرکز بہادر آباد پرمجلس وحدت مسلمین پاکستان کے ایک وفدنے اراکین رابطہ کمیٹی عبدالحسیب،عارف خان ایڈوکیٹ اوررکن صوبائی اسمبلی عباس جعفری ودیگر سے ملاقات کی۔مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے وفد میں صوبائی پولیٹکل سیکریٹری سید علی حسین نقوی،صوبائی رہنماء ناصر حسینی،سیکریٹری جنرل کراچی علامہ صادق جعفری ودیگر موجود تھے۔
یہ بھی پڑھیں: یورپی یونین کی طرح اسلامی یونین کی تشکیل ہماراخواب ہے، آیت اللہ شہریاری کا اسلام آباد میں خطاب
پاکستان مسلم لیگ فنکشنل سندھ کے جنرل سیکریٹری سردار عبدالر حیم سے مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے ایک وفد نے ملاقات کی ۔مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے وفد میں صوبائی پولیٹکل سیکریٹری سید علی حسین نقوی اور میر تقی علی ظفر شامل تھے ۔ ملاقات میں ملک کی سیاسی صورتحال پر تفصیلی گفتگو ہوئی ۔اس موقع پر مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے رہنماؤں نے 29 دسمبر کو ہونے والی تعمیر کراچی پاکستان کانفرنس کا دعوت نامہ پیش کیا اور کانفرنس میں شرکت کی درخواست کی ۔سردار عبدالر حیم نے مجلس وحدت مسلمین پاکستان کی جانب سے ہونے والی کانفرنس کا دعوت نامہ وصول کیا اور شرکت کی یقین دہانی کروائی۔
علاوہ ازیں سابق گورنر سندھ و مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنمامحمد زبیر، مسلم لیگ ق کے رہنما طارق حسن ، چیئرمین کراچی تاجر اتحاد عتیق میر، رہنما پاکستان عوامی تحریک راؤ کامران اقبال، کراچی بار ایسوسی ایشن و دیگر سیاسی ومذہبی جماعتوں اور سماجی شخصیات کو شرکت کی دعوت دی گئی ہے۔







