ایم ڈبلیوایم کے مرکزی شعبہ تعلیم نے تین روزہ مرکزی ٹیچرز ٹریننگ ورکشاپ کےشیڈول کا اعلان کردیا
شیعیت نیوز: مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے شعبہ تعلیم نے تین روزہ مرکزی ٹیچرز ٹریننگ ورکشاپ کے انعقاد کے لیے تاریخ اور مقام کا اعلان کر دیا ہے۔تربیتی ورکشاپس 31دسمبر2021 تا 02جنوری 2022 تک جاری رہیں گی۔
ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی سیکرٹری تعلیم نثار فیضی کے مطابق ملک بھر سے مجلس وحدت مسلمین کی صوبائی تعلیمی کونسل کے ممبران ورکشاپ میں شرکت کریں گے۔کورونا کے باعث تعلیمی اداروں کی طویل بندش سے ہونے والے نقصانات کے ازالے اور تعلیمی امور کی بہتری کے لیے ممکنہ کوششوں سے آگہی اس تربیتی نشست کا حصہ ہو گی۔ملک کے ممتاز تعلیمی اداروں کے ماہرین تربیتی لیکچر دیں گے۔ورکشاپ مختلف حوالوں سے اہمیت کی حامل ہو گی۔
یہ بھی پڑھیں: زاہد مہدی نے آئی ایس او پاکستان کی نئی مرکزی کابینہ کے اراکین کا اعلان کردیا
انہوں نے مزید کہا کہ ورکشاپ کے شرکاء سے مستقبل کی تعلیمی حکمت عملی اور مرکزی کابینہ کی جانب سے منظور کیے گئے پروگراموں کے اجراء و دورانیے کے تعین پر بھی گفت و شنید کی جائے گی۔تعلیم سے وابستہ افراد کی پیشہ ورانہ استعداد کار میں اضافے اور مختلف چیلنجز سے نبردآزما ہونے میں یہ تربیتی نشست معاون ثابت ہو گی۔تعلیم کے عالمی معیار اور نئے تقاضوں سے بھی شرکاء کو آگاہ کیا جائے گا اور مستقبل میں ان تجربات کو آزمائے جانے کی کوشش کی جائے گی جن کی مدد سے اہم اہداف کا حصول ممکن ہو ۔ یکساں نصاب تعلیم پر ملت تشیع کو درپیش تحفظات پر بھی خصوصی نشست کا اہتمام ہو گا۔







