سری لنکن شہری کا بہیمانہ قتل، سول انتظامیہ کی ہر ممکن مدد کی جائیگی، جنرل قمر باجوہ

04 دسمبر, 2021 11:46

شیعیت نیوز: سربراہ پاک فوج جنرل قمر جاوید باجوہ نے سیالکوٹ میں مشتعل ہجوم کے ہاتھوں سری لنکن فیکٹری مینیجر کی ہلاکت کو قابل مذمت قرار دیتے ہوئے ذمہ داروں کو سزا دلانے میں سول انتظامیہ کی مدد کا اعلان کیا ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ ‏سیالکوٹ میں مشتعل ہجوم کی جانب سے سری لنکن شہری پرانتھا کمارا کا بہیمانہ قتل انتہائی قابل مذمت اور شرم ناک ہے، ایسے ماورائے عدالت اقدام قطعاً ناقابل قبول ہیں۔

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ اس گھناؤنے جرم کے مرتکب افراد کو کیفر کردار تک پہنچانے کے لیے سول ایڈمنسٹریشن کو ہر ممکن مدد فراہم کی جائے گی۔

یہ بھی پڑھیں : مذہبی جنونیت نے اسلام کو شدید نقصان پہنچایا ہے، سربراہ مجلس وحدت مسلمین

دوسری جانب پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان نے سیالکوٹ واقعہ پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ سیالکوٹ میں سری لنکن منیجر کو زندہ جلانا پاکستان کے لیے شرمناک دن ہے۔

عمران خان نے کہا ہے کہ یہ واقعہ پاکستان کے لیے شرم ناک دن ہے، ذمہ داروں کو قانون کے مطابق سخت سزا دی جائے گی۔

وزیراعظم عمران خان نے اپنے ٹویٹ میں کہا ہے کہ سیالکوٹ فیکٹری پر حملہ کرکے سری لنکن منیجر کو زندہ جلانا پاکستان کے لیے شرمناک دن ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ میں خود اس کیس کی تحقیقات کی نگرانی کر رہا ہوں، اس میں غلطی کی کوئی گنجائش نہیں، واقعے میں ملوث ملزمان کی گرفتاریاں جاری ہیں، تمام ذمہ داروں کو قانون کے مطابق سخت سزا دی جائے گی۔

واضح رہے کہ کل سیالکوٹ کی ایک نجی فیکٹری میں ہجوم نے تشدد کرکے سری لنکن مینیجر کو موت کے گھاٹ اتار دیا بعد ازاں سڑک بلاک کرکے اس کی لاش کو نذر آتش کردیا۔

11:25 صبح مارچ 22, 2026
بریکنگ نیوز:
اوپر تک سکرول کریں۔