نوجوان قوم کا سرمایہ اور ریڑھ کی ہڈی ہیں، عالمی حالات کی تبدیلی کے اثرات پاکستان پر مرتب ہو رہے ہیں، مرکزی صدر آئی ایس او زاہد مہدی
المصطفیٰ ہائوس پہنچنے پر ڈویژنل صدر ملتان اور سینیئرز کی جانب سے استقبال کیا گیا، اس موقع پر المصطفیٰ ہائوس میں مختصر نشست کا بھی اہتمام کیا گیا

شیعیت نیوز: امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے نومنتخب مرکزی صدر زاہد مہدی کا دورہ ملتان، المصطفیٰ ہائوس پہنچنے پر ڈویژنل صدر ملتان اور سینیئرز کی جانب سے استقبال کیا گیا، اس موقع پر المصطفیٰ ہائوس میں مختصر نشست کا بھی اہتمام کیا گیا، جس سے مرکزی صدر زاہد مہدی اور النور اسلامک سنٹر کے مسئول مولانا وسیم عباس معصومی نے خطاب کیا۔ اس موقع پر سابق مرکزی جنرل سیکرٹری جواد رضا جعفری، ذیشان حیدر، عابد نواز سمیت دیگر بھی موجود تھے۔
یہ بھی پڑھیں: طالبان دہشتگردوں سے مذاکرات شہداء کے خون سے غداری ہے جوکہ کسی صورت قابل برداشت نہیں، صاحبزادہ حامد رضا
نومنتخب صدر نے پروفیشنل انسٹیٹیوٹ کے طلباء اور لوکل یونٹ کے اراکین سے ملاقات بھی کی۔ مرکزی صدر نے اپنے خطاب میں کہا کہ نوجوان کسی بھی قوم کا سرمایہ اور ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے، امامیہ نوجوانوں کا تعلیمی اداروں اور معاشرے میں کردار ہمیشہ منفرد رہا ہے، پاکستان سمیت عالمی حالات مسلسل تبدیل ہو رہے ہیں اور عالمی حالات کی تبدیلی کے اثرات پاکستان پر مرتب ہو رہے ہیں، نوجوانوں میں فکر اقبال بیدار کرنے کی ضرورت ہے۔