پاکستان اور ایران نے عالمی برادری سے افغانستان میں انسانی المیےسے بچنے کیلئے مدد مانگ لی
شیعیت نیوز: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا پُرامن اور مستحکم افغانستان پورے خطے کیلئے اہمیت رکھتا ہے۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی دورۂ ایران پر تہران میں موجود ہیں، جہاں انہوں نے اپنے ہم منصب ڈاکٹر حسین امیرعبداللہیان کے ساتھ ملاقات میں برادرانہ تعلقات کے مزید فروغ پر تبادلہ خیال کیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق دونوں رہنماؤں میں علاقائی و عالمی امور خاص طور پر افغانستان کی تازہ صورتحال پر تفصیلی مشاورت کی گئی۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان، افغانستان کو تجارتی نقل و حرکت میں سہولیات فراہمی کیلئے پُرعزم ہے، عالمی برادری بھی افغانستان کو درپیش معاشی بحران سے نکالنے کیلئے اقدامات یقینی بنائے۔
ملاقات کے بعد دونوں وزرائے خارجہ کی مشترکہ پریس کانفرنس کی، جس میں عالمی برادری سے اپیل کی گئی کہ افغانستان میں انسانی المیے سے بچنے کیلئے مدد کی جائے۔ شاہ محمود قریشی نے کہا افغان مسئلے کے حل کیلئے پاکستان اور ایران کا نقطہ نظر بڑی حد تک ایک ہے، دونوں امن، استحکام اور خوشحالی چاہتے ہیں اور دونوں کو ادراک ہے کہ ہمیں اہم کردار ادا کرنا ہے۔
شاہ محمود قریشی نے مسئلہ کشمیر پر پاکستانی مؤقف کی حمایت پر ایرانی قیادت کا شکریہ ادا کیا۔ ایرانی وزیر خارجہ نے بھی علاقائی مسائل کے حل کیلئے پاکستانی لائحہ عمل کو سراہا۔







