ایران

تہران میں 35 ویں عالمی اسلامی وحدت کانفرنس کا آغاز

شیعیت نیوز: ایران کے صدر سید ابراہیم رئيسی کی موجودگی میں تہران میں 35 ویں عالمی اسلامی وحدت کانفرنس کا آغاز ہوگيا ہے۔

تہران میں 35 ویں عالمی اسلامی وحدت کانفرنس میں 52 اسلامی ممالک کے علماء اور دانشور شریک ہیں۔ اطلاعات کے مطابق 35 ویں عالمی اسلامی وحدت کانفرنس ’’ اسلامی اتحاد، صلح اور عالم اسلام میں تفرقہ اور تنازعات سے پرہیز‘‘ کے عنوان سے منعقد ہورہی ہے۔

اسلامی وحدت کانفرنس پارسیان آزادی ہوٹل میں ہورہی ہے۔ عالمی اسلامی وحدت کانفرنس میں 52 ممالک کے علماء اور دانشور حضوری اور آن لائن شریک ہیں ۔ عالمی اسلامی وحدت کانفرنس کا سلسلہ 19 اکتوبر سے لیکر 24 اکتوبر تک جاری رہےگا۔

عالمی اسلامی وحدت کانفرنس میں 39 ممالک سے 514 تقریریں مختلف موضوعات پر پیش کی جائیں گی ، جن میں اسلامی اخوت اور دہشت گردی سے مقابلہ اور تفرقہ و تنازعات سے پرہیز کے موضوعات بھی شامل ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : داعش کی ڈوریاں امریکیوں اور صیہونیوں کے ہاتھ میں ہیں، صدر ابراہیم رئیسی

دوسری جانب تقریب مذاہب اسلامی اسمبلی کے سیکریٹری جنرل، حجت الاسلام حمید شہر یاری نے بھی بین الاقوامی وحدت اسلامی کانفرنس کی افتتاحی تقریب سے خطاب میں پیغمبر اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اور حضرت امام جعفرصادق علیہم السلام کے یوم میلاد مسعود کی مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا کہ افسوس ہے کہ آج ہم عالم اسلام میں جنگ، جھڑپوں اور خون خرابے کا مشاہدہ کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اسی صورتحال کے تناظر میں اس سال وحدت اسلامی کانفرنس کا عنوان بھی امن اور عالم اسلام میں تفرقےاور تنازعات سے گریز رکھا گیا ہے۔

حجت الاسلام حمید شہریاری نے کہا کہ عالم سامراج شروع سے کوشش کرتا آیا ہے کہ خطے میں جنگ اور خون خرابہ کرا کے، اپنی موجودگی کا جواز پیش کرے اور اسلامی ملکوں کے وسائل کو لوٹنے کا سلسلہ جاری رکھے۔

تقریب مذاہب اسلامی کے سیکریٹری جنرل نے اسلامی دنیا کی مشکلات اور تنازعات کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ بکے ہوئے علماء، بعض ملکوں میں اسلامی جمہوریت کے فقدان اور نسلی، لسانی نیز فرقہ وارانہ تعصبات، متخاصم گروہوں کی موجودگی اور ایک دوسر ے کے بارے میں بدگمانیاں وغیرہ اس کی اہم وجوہات ہیں۔

متعلقہ مضامین

Back to top button