بھارتی فوج کی ظلم و بربریت، ضلع شوپیاں میں مزید 5 کشمیری نوجوان شہید

شیعیت نیوز: بھارتی فوج نے مقبوضہ وادی کے ضلع شوپیاں میں ظلم و بربریت کا مظاہرہ کرتے ہوئے مزید 5 نوجوانوں کو شہید کردیا۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق جنت نظیروادی میں قابض بھارتی فوج کی ریاستی دہشت گردی کا نہ رکنے والا سلسلہ جاری ہے اور آج ایک بار پھر قابض بھارتی فوج کی بربریت کے نتیجے میں مزید 5 کشمیری نوجوان شہید ہوگئے، جس کے بعد گزشتہ 2 روز کے دوران شہید نوجوانوں کی تعداد 7 ہوگئی۔
بھارتی فوج نے ضلع شوپیاں میں نام نہاد سرچ آپریشن کے دوران فائرنگ کرکے مزید 3 نوجوانوں کو شہید کردیا جب کہ اسی ضلع کے دوسرے علاقے فیروپورہ میں بھی 2 نوجوانوں کو شہید کردیا گیا۔
ضلع شوپیاں کے دونوں علاقوں میں آپریشن کے دوران قابض بھارتی فوج نے چادر اور چار دیواری کے تقدس کو پامال کیا اور گھروں میں گھس گئے جب کہ علاقے میں آپریشن اب بھی جاری ہے۔
یہ بھی پڑھیں : افغانستان کے اثاثے روکے جانے سے متعلق امریکی اقدام شرمناک ہے، امیر خان متقی
شوپیاں میں یہ سرچ آپریشن ایک ایسے وقت ہوا ہے جب پچھلے چند روز کے دوران جموں کشمیر میں قتل اور تشدد کے واقعات میں اضافہ ہوا ہے۔
پیر کو جموں کے ضلع پونچھ میں عسکریت پسندوں نے پانچ بھارتی فوجیوں کو ہلاک کردیا ہے۔
بھارتی فوج کے ترجمان کرنل دیوندر آنند نے کہا کہ پلیس اور فوجیوں کی ٹکڑیوں نے پونچھ ضلع کے جنگلی علاقے سرنکوٹ کے جنوبی سیکٹر میں مسلح عناصر کی موجودگی کی اطلاع ملنے پر آپریشن کیا۔ اس دوران مسلح افراد نے فوجیوں کی طرف بڑے پیمانے پر فائرنگ شروع کردی جس میں 1 افسر اور 4 فوجی مارے گئے۔
اس درمیان یہ بھی اطلاعات ہیں کہ جموں کشمیر میں عسکریت پسندوں کا ساتھ دینے کے شبہے میں پچھلے چند روزسے اب تک بارہ سو سے زائد افراد کو گرفتار کیا جاچکا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز بھی بھارتی فوج نے سرچ آپریشن کے دوران فائرنگ کرکے 2 نوجوانوں کو شہید کردیا تھا۔