محب اہل بیتؑ ،لیجنڈری اداکار عمر شریف اپنے لاکھوں مداحوں کو سوگوار چھوڑ کر خالق حقیقی سے جا ملے
پروردگارعالم عمر شریف صاحب کو مولا علی علیہ السلام سے محبت کا بہترین اجر عطا فرمائے اور ان کے درجات بلند فرمائے

شیعیت نیوز: محب اہل بیتؑ ،لیجنڈری اداکاراور مزاح کی دنیا کے بےتاج بادشاہ عمر شریف اپنے لاکھوں مداحوں کو سوگوار چھوڑ کر خالق حقیقی سے جا ملے، علاج کی غرض سے امریکا سفر کے دوران جرمنی میں وہ داعی اجل کو لبیک کہہ گئے ۔ پروردگار لیجنڈ عمر شریف صاحب کے درجات بلند فرمائے۔ لوگوں کے چہروں پر مسکراہٹیں بکھیرنے والے اس عظیم انسان کی ظاہری اور چھپی ہوئی خدمات بہت ہونگی۔ لیکن محبان اہل بیتؑ کیلئے ان کی سب سے بڑی خصوصیت ان کے اندرموجود اہل بیتؑ رسولؐ کیلئے بے پناہ عزت، احترام اور عشق تھا۔
عمرشریف طویل عرصہ سے عارضہ قلب میں مبتلا اور کراچی کے نجی اسپتال میں زیر علاج تھے، ان کے اہل خانہ مسلسل قوم سے ان کی صحت یابی کیلئے دعا کی اپیل بھی کرتے رہے ، ان کے اہل خانہ کے درخواست پر حکومت نے ان کو علاج کیلئے امریکا منتقل کرنے کی کوشش کی لیکن وہ راستے میں ہی جرمنی پہنچ کر دم توڑ گئے۔
عمرشریف صاحب بارہا اپنے ٹی وی انٹرویوز میں بھی مولائے کائنات امام علیؑ اور اہل بیت اطہارؑ کے بارے میں اپنی مودت کا کھل کراظہار کیا کرتے تھے، معروف نوحہ خواں ندیم سرور کے مطابق عمر شریف نے عشق اہل بیتؑ میں اپنے گھر پر شبیہ علم حضرت عباس ؑ بھی نصب کیا ہوا تھا، جبکہ بعض ذرائع کے مطابق ان کی زندگی کا معلوم تھا کہ وہ اپنے گھرمیں پنجتن پاک ؑ کے نام کے 5 چراغ روزانہ شام کو لازمی روشن کیا کرتے تھے۔
یہ بھی پڑھیں: افغانستان میں طالبان حکومت کا قیام، پاکستان میں وہابی دہشتگرد تنظیموں کی مبینہ ریاستی سرپرستی کا دوبارہ آغاز
واضح رہے کہ ہمارے وطن میں ناصبیت کا ناسور جتنی تیزی سے اور جتنی شکلوں میں پھیلا ہے، اس کو پیش نظر رکھتے ہوئے یہ ضروری ہے کہ جب جب زندگی کے کسی بھی طبقہ فکر سے تعلق رکھنے والی کوئی شخصیت دنیا سرائے کو الوداع کہے تو اس شخصیت کی اہل بیت علیھم السلام سے محبت کی کوئی نشانیاں خصوصیت کے ساتھ زیادہ سے زیادہ نشر کی جائیں۔
دنیا سے رخصت ہونے والے کیلئے ایصال ثواب کا سلسلہ بھی جاری رہے گا اور ہمارے ملک میں پائی جانے والی ناصبیت کی مختلف شکلوں کی تکلیف میں بھی اضافہ ہوگا۔ پروردگارعالم عمر شریف صاحب کو مولا علی علیہ السلام سے محبت کا بہترین اجر عطا فرمائے اور ان کے درجات بلند فرمائے۔