مقبوضہ فلسطین

مقبوضہ مغربی کنارے میں فلسطینیوں کی فائرنگ سے دو اسرائیلی فوجی زخمی

شیعیت نیوز: اسرائیل کے عبرانی ریڈیو نے بتایا ہے کہ کل مقبوضہ مغربی کنارے کے شمالی شہر نابلس میں نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے دو اسرائیلی فوجی زخمی ہوگئے۔

عبرانی ریڈیو کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ مقبوضہ مغربی کنارے کے شہر نابلس میں نامعلوم افراد نے مشین گنوں سے فائرنگ کی اور حضرت یوسف علیہ السلام کے مزار کے قریب فلسطینیوں اور اسرائیلی فوج کے درمیان شدید جھڑپیں ہوئیں۔

ادھر مقامی فلسطینی ذرائع نے بتایا ہے کہ کل کو یہودی آباد کاروں کی بڑی تعداد نے حضرت یوسف علیہ السلام کے مزار پردھاوا بولا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ 500 یہودی آباد کار 20 بسوں کے ذریعے مزار پرپہنچے۔ اس موقعے پر فلسطینیوں کی بڑی تعداد پہلے سے وہاں موجود تھی۔

اسرائیلی فوج نے فلسطینیوں کو وہاں سے باہر نکالنے کے لیے طاقت کا استعمال کیا جس کے بعد یہودی آباد کاروں نے حضرت یوسف علیہ السلام کے مزار اقدس پردھاوا بول دیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ فلسطینی شہریوں اور یہودی آباد کاروں کے درمیان بھی جھڑپیں ہوئیں۔

یہودی آباد کاروں نے اسرائیلی فوج کی فول پروف سیکیورٹی میں حضرت یوسف علیہ السلام کے مزار میں تلمودی تعلیمات کے مطابق مذہبی رسومات ادا کیں۔

یہ بھی پڑھیں : غرب اردن ایک بڑے میدان جنگ میں تبدیل ہوسکتا ہے، حسام بدران

دوسری جانب فلسطینی ذرائع کا کہنا ہے کہ غاصب صیہونی فوجیوں نے رفح میں فائرنگ کی۔

شہاب خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق قدس کی غاصب اور جابر صیہونی حکومت کے فوجیوں نے مشرقی رفح کے علاقے السناطی میں فلسطینی کسانوں پر فائر کھول دیا جس کے نتیجے میں ایک فلسطینی نوجوان اور ایک عورت زخمی ہو گئی۔

دوسری جانب اسرائیل کے ٹیلی ویژن چینل کان کی رپورٹ کے مطابق جنوبی الخلیل کے علاقے مسافر یطا میں پتھراو کے دوران 3 صیہونی زخمی ہوئے۔

واضح رہے کہ اتوار کے روز صیہونی فوجیوں نے غرب اردن کے شہروں جنین اور برقین میں 5 فلسطینیوں کو شہید کردیا تھا۔ یہ فائرنگ اور بربریت صیہونی فوج کے اسپیشل دستوں کے ذریعے حماس سے وابستہ افراد کی گرفتاری کے لئے ہونے والے چھاپوں کے دوران ہوئی ۔

متعلقہ مضامین

Back to top button