سعودی عرب

بن سلمان کی ایما پر سعودی عرب میں سرکاری عہدیداروں کی برطرفی کا سلسلہ جاری

شیعیت نیوز: سعودی عرب میں سرکاری عہدیداروں کی برطرفی کا سلسلہ جاری ہے اور اس بار شاہ سلمان کے خصوصی امور کے وزیر ناصر بن عبدالرزاق بن یوسف النفیسی کو ان کے عہدے سے برطرف کردیا گیا ہے۔

سعودی عرب کی سرکاری خبررساں ایجنسی واس کے مطابق شاہ سلمان نے ایک فرمان کے ذریعے ناصر النفیسی کو ان کے عہدے سے برطرف کرتے ہوئے، عبدالعزیز بن ابراہیم بن حمد الفیصل کو ان کی جگہ وزیر مقرر کردیا ہے۔

شاہ سلمان کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں ناصر النفیسی کی برطرفی کی وجوہات کی جانب کوئی اشارہ نہیں کیا گیا۔ سعودی بادشاہ نے ایک اور حکم کے ذریعے بدر بن عبد الرحمان بن سلیمان القاضی کو نائب وزیر کھیل اور ماجد بن محمد بن ابراہیم المزید کو نیشنل سائبر سیکورٹی ایجنسی کا چیف مقرر کیا ہے۔

حالیہ برسوں کے دوران درجنوں سعودی عہدیداروں کو مبینہ طور پر کرپشن میں ملوث ہونے کے الزامات کے تحت ان کے عہدوں سے برطرف اور جیلوں میں بند کیا گیا ہے۔ گزشتہ منگل کو بھی سعودی عرب کے بادشاہ نے محکمہ جنرل سیکورٹی کے سربراہ خالد بن قرار الحربی کو بھی کرپشن کے الزامات کے تحت ان کو برطرف کردیا تھا۔

مبصرین کا خیال ہے کہ سعودی عرب میں کرپشن کے الزام میں سرکاری عہدیداروں کی برطرفیاں اور گرفتاریاں زیادہ تر ولی عہد بن سلمان کے مخالفین کے ساتھ رابطوں کے شبہے میں انجام پا رہی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : وفاقی دارالحکومت میں کالعدم سپاہ صحابہ کے ہاتھوں پیغام پاکستان بیانئے کا جنازہ نکل گیا

دوسری جانب سعودی عرب نے بغیر اجازت کے عمرہ کرنے کی کوشش کرنے والوں پر 10 ہزار ریال جرمانہ عائد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق سعودی عرب نے جہاں معتمرین کی تعداد 70 ہزار تک بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے وہیں کورونا وبا کے دوران احتیاطی اور حفاظتی اقدامات کے تحت ہنگامی فیصلے کیے گئے ہیں۔ ان نئے فیصلوں کے تحت عمرے کے لیے اجازت نامے کی شرط کی خلاف ورزی پر 10 ہزار ریال جرمانہ عائد کیا جائے گا۔

مسجد الحرام اور مسجد نبوی میں داخل ہونے کے لیے یہ اجازت نامے سعودی عرب کی کوویڈ 19 ٹریکنگ ایپس تواکلنا اور اعتمرنا سے حاصل کیے جاتے ہیں۔

علاوہ ازیں 12 سے 18 سال ایسے مقامی بچے جنھوں نے کورونا ویکسین کے دونوں ٹیکے لگوالیے ہیں وہ بھی عمرہ ادا کرسکیں گے جب کہ گزشتہ ماہ اعلان کیا گیا تھا کہ 9 اگست سے مختلف ممالک سے عمرہ کی درخواستیں بتدریج وصول کرنا شروع کریں گی۔

وزارت حج و عمرہ کی کوشش کی ہے کہ عمرہ کرنے والوں کی تعداد میں 20 لاکھ یومیہ تک اضافہ کردیا جائے جس کے لیے ویکسینیشن اور دیگر حفاظتی اقدامات کا ایک مربوط نظام تشکیل دیا جا رہا ہے۔

متعلقہ مضامین

Back to top button