ذبیح اللّٰہ مجاہد کا پنج شیر میں فتح کا اعلان، ترجمان فہیم دشتی جاں بحق

06 ستمبر, 2021 12:53

شیعیت نیوز: افغان طالبان کے ترجمان ذبیح اللّٰہ مجاہد نے افغانستان کے آخری صوبے پنج شیر میں فتح کا اعلان کر دیا۔

ایک بیان میں ترجمان افغان طالبان نے کہا کہ دشمن کا آخری گڑھ وادیٔ پنج شیر کو فتح کرلیا گیا ہے، اللّٰہ کی مدد اور قوم کی حمایت سے پنج شیر میں کامیابی حاصل کی ہے۔

ذبیح اللّٰہ مجاہد نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ اللّٰہ کی مدد اور قوم کی سپورٹ سے پنج شیر میں کامیابی حاصل ہوئی ہے، وادی پر امارت اسلامی کا مکمل قبضہ ہو چکا ہے۔

ترجمان ذبیح اللّٰہ مجاہد نے بتایا کہ شمالی اتحاد کے متعدد کمانڈر اور جنگجو مارے گئے، کئی فرار ہو گئے، امید ہے پنج شیر کے عوام کو آئندہ استحصال کا نشانہ نہیں بنایا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں : افغانستان کی صورت حال ممکنہ طور پر خانہ جنگی میں تبدیل ہو سکتی ہے، مارک میلی

انہوں نے کہا کہ پنج شیر کے عوام ہمارے بھائی ہیں کوئی انتقامی کارروائی نہیں ہوگی،ہم سب مل کر ملکی ترقی اور خوشحالی کے لیے کام کریں گے۔

اس سے قبل پنج شیر میں طالبان اور مزاحمتی فورسز کے درمیان لڑائی جاری تھی اور دونوں جانب سے وادی کے بیشتر اضلاع پر قبضے کا دعویٰ کیا جا رہا تھا، تاہم آزاد ذرائع سے ان دعوؤں کی تصدیق نہیں ہوئی تھی۔

دوسری جانب افغانستان کے صوبہ پنج شیر میں طالبان سے جھڑپ میں مزاحمتی فورس کے ترجمان فہیم دشتی جاں بحق ہو گئے۔

گزشتہ کئی روز سے پنج شیر میں طالبان اور مزاحمتی فورس کے درمیان جنگ جاری ہے جبکہ طالبان کی جانب سے آج صوبے کے تمام اضلاع پر کنٹرول کا دعویٰ کیا گیا ہے۔

افغان میڈیا رپورٹس کے مطابق وادی پنج شیر میں طالبان سے جھڑپ میں مزاحمتی فورس کے ترجمان فہیم دشتی مارے گئے۔

افغان میڈیا رپورٹس میں مزاحمتی فورس کے دیگر اہم کمانڈرز کی بھی ہلاکت کا دعویٰ کیا گیا ہے۔ قبل ازیں طالبان مخالف قومی مزاحمتی فورس کے سربراہ احمد مسعود نے جنگ روکنے کی مشروط پیشکش کی تھی۔

3:26 شام اپریل 21, 2026
بریکنگ نیوز:
اوپر تک سکرول کریں۔