دنیا

طالبان کو دہشت گرد گروہوں کی فہرست سے نکالنے میں ہمیں کوئی جلدی نہیں، سیرومولوتوف

شیعیت نیوز: روسی نائب وزیر خارجہ اولیگ سیرومولوتوف نے کہا کہ ماسکو کو طالبان کو دہشت گرد گروہوں کی فہرست سے نکالنے کی کوئی جلدی نہیں ہے۔

روسی نائب وزیر خارجہ اولیگ سیرومولوتوف نے پیر کو نووستی نیوز ایجنسی کو بتایا کہ ہمیں طالبان کو دہشت گرد گروہوں کی فہرست سے نکالنے اور نئی افغان حکومت کو تسلیم کرنے کی کوئی جلدی نہیں ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہم افغانستان کی نئی حکومت کے عملی اقدامات اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے متعلقہ فیصلے کے مطابق عمل کریں گے۔

روسی نائب وزیر خارجہ نے یاد دلایا کہ طالبان نے دشمنی کے خاتمے کا اعلان کیا ، سابق حکومتی عہدیداروں، امریکہ اور نیٹو کے ساتھ تعاون کرنے والے افغان شہریوں کی عام معافی کا اعلان کیا اور اسلامی قانونی نظام میں خواتین کے حقوق کا احترام کرنے کے عزم کا اعادہ کیا نیز افغان معاشرے میں نظم وضبط ایجاد کرنے کا اعلان کیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : افغان شیعہ علماء کونسل نے طالبان کی مشروط حمایت کا اعلان کردیا

انھوں نے مزید کہا کہ سلامتی کونسل کی قرارداد کے تحت طالبان اقوام متحدہ میں دہشت گرد گروہ کے طور پر درج ہیں جبکہ افغانستان میں روسی فوج بھیجنے کا تو سوال ہی نہیں پیدا ہوتا ہے۔

سیرومولوتوف نے کہا کہ فوج بھیجنے کا معاملہ روسی حکومت کے ایجنڈے میں نہیں ہے، طالبان کو کسی ملک کی فوجی مدد کی ضرورت نہیں ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ایسا اقدام روس کے مفادات میں نہیں ہوگا، اس کے علاوہ نئی افغان حکومت نے اس ملک کے معاشرے میں امن بحال کرنا شروع کر دیا ہے اور اسے فوجی مدد کی ضرورت نہیں ہے۔

واضح رہے کہ امریکہ اور طالبان کے درمیان فروری 2020 کے معاہدے اور دونوں فریقوں کے درمیان امن معاہدے پر دستخط کے بعد امریکی فوجیوں اور اتحادیوں کا افغانستان سے انخلا شروع ہوا، تاہم حالیہ ہفتوں میں طالبان افغانستان میں پیش قدمی کرنے اور ملک کے اہم شہروں پر قبضہ کرنے میں کامیاب رہے نیز 15 اگست کو اشرف غنی کی حکومت کے خاتمے کےبعد کابل میں داخل ہونے میں کامیاب ہوئے۔

متعلقہ مضامین

Back to top button