دنیا

افغانستان کی موجودہ صورت حال کا ذمہ دار امریکہ ہے، چین

شیعیت نیوز: چین نے کہا ہے کہ افغانستان کی موجودہ صورت حال کا ذمہ دار امریکہ ہے۔ دوسری طرف افغانستان کے حامد کرزئی ایئرپورٹ پر اس وقت بھی 5 ہزار سے زائد امریکی فوجی اہلکار تعینات ہیں۔

رپورٹ کے مطابق افغانستان کے لیے چین کے خصوصی نمائندے ژیاؤ یانگ نے امریکہ کو افغانستان کی موجودہ صورت حال کا ذمہ دار قرار دیتے ہوئے کہا کہ امریکہ نے سیاسی حل نکالے بغیر افغانستان کو چھوڑ دیا۔

انہوں نے کہا کہ طاقت کے استعمال اور اندرونی معاملات میں مداخلت سے مسائل حل نہیں ہوتے بلکہ سنگین ہوتے ہیں۔ چین کے نمائندہ خصوصی نے کہا کہ توقع ہے طالبان سب قومیتوں کو ملا کر قابلِ قبول حکومت بنائیں گے۔

واضح رہے کہ افغانستان پر طالبان کے قبضے اور کابل سے بڑے پیمانے پر افغان شہریوں کے انخلا کے دوران کابل ایئرپورٹ پر افراتفری مچنے اور طالبان کی ہوائی فائرنگ سے 10 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے۔

یاد رہے کہ کابل ائیرپورٹ پر 4500 امریکی فوجی تعینات ہیں اور 900 برطانوی فوجی ایئرپورٹ کی حفاظت اور گشت کے لیے موجود ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : نیتن یاھو کا فلسطین میں افغان ماڈل کی امریکی تجویز مسترد کرنےکا انکشاف

دوسری جانب افغانستان کے حامد کرزئی ایئرپورٹ پر اس وقت بھی 5 ہزار سے زائد امریکی فوجی اہلکار تعینات ہیں جب کہ ایک ہزار کے قریب برطانوی اہلکار بھی موجود ہیں، جن کی مدد سے 5 دنوں میں 18 ہزار افراد کا انخلا مکمل کرلیا گیا ہے۔

اطلاعات کے مطابق امریکی وزیر دفاع نے کہا ہے کہ افغانستان میں اب بھی 5 ہزار 800 امریکی فوجی تعینات ہیں۔ یہ اہلکار کابل میں حامد کرزئی ایئرپورٹ سے امریکی فوجیوں کی مدد کرنے والے افغان شہریوں کی امریکہ بحفاظت روانگی کے انتظامات سنبھالے ہوئے ہیں۔

اسی طرح کابل کے حامد کرزئی ایئرپورٹ پر برطانیہ کے بھی 900 سے زائد اہلکار تعینات ہیں جو جنگ کے دوران برطانوی فوج کے لیے مترجم اور معاونت کے فرائض انجام دینے والے افغان شہریوں کی برطانیہ روانگی کی نگرانی کررہے ہیں ۔

ادھر نیٹو کے ترجمان نے دعویٰ کیا ہے کہ گزشتہ روز کے دوران 18 ہزار افغان شہریوں کو بیرون ملک منتقل کیا گيا ہے جب کہ پینٹاگون کے مطابق اتنے ہی عرصے میں 7 ہزار افراد کو امریکہ منتقل کیا گيا ہے۔

متعلقہ مضامین

Back to top button