امریکہ اور سعودی عرب یمنی عوام کے قاتل ہیں، یمنی آئل کمپنی
شیعیت نیوز: یمن کی قومی آئل کمپنی نے کہا ہے کہ سعودی امریکی اتحاد ایندھن لانے والے بحری جہازوں کو روک عوام کا قتل عام کر رہا ہے۔
المسیرہ ٹیلی ویژن کے مطابق یمن کی قومی آئل کمپنی کے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ سعودی امریکی اتحاد ایندھن لانے والے بحری جہازوں کو الحدیدہ بندرگاہ آنے کی اجازت نہیں دے رہا جس کی وجہ سے حیاتی نوعیت کی تنصیبات بند ہوگئی ہیں اور عام شہریوں کو پریشانیوں کا سامنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ سعودی امریکی بحری قزاقی کی وجہ سے یمن کو انسانی المیے کا سامنا ہے اور اس کی تمام تر ذمہ داری بھی سعودی امریکی اتحاد پر عائد ہوتی ہے۔
یہ بھی پڑھیں : متحدہ عرب امارات اور اسرائیل میں تیل کی ترسیل کا معاہدہ خطرے میں
دوسری جانب جارح سعودی اتحاد نے گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران یمن کے مختلف صوبوں منجملہ مآرب، البیضا، الجوف اور صعدہ کو اپنے وحشیانہ حملوں کا نشانہ بنایا ہے۔
یمن کے المسیرہ ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق سعودی اتحاد کے جنگی طیاروں نے صوبے صعدہ کے علاقے کتاف کو چار بار اور شہر الظاہر کو ایک بار اپنے حملے کا نشانہ بنایا۔
صوبے مآرب میں رحبہ اور صرواح نامی علاقے بھی پانچ اور تین بار جارحیت کا نشانہ بنے۔ شمالی یمن کے صوبے الجوف میں خب اور الشعف کے علاقوں پر بھی دو بار شدید حملے کئے گئے۔
سعودی اتحاد کے جنگی طیاروں نے اسی طرح صوبے البیضا کے علاقے ناطع کو پانچ بار اپنی جارحیت کا نشانہ بنانے کے ساتھ ساتھ صوبے صعدہ کے سرحدی علاقے شدا پر بھی شدید گولہ باری بھی کی جس میں کم سے کم ایک یمنی شہری شہید اور پانچ دیگر زخمی ہو گئے۔
یہ ایسی حالت میں ہے کہ سعودی اتحاد کے جنگی طیاروں نے حالیہ دنوں کے دوران یمن کے مختلف صوبوں میں رہائشی علاقوں پر شدید بمباری کی ہے۔
قابل ذکر ہے کہ سعودی عرب نے امریکہ ، متحدہ عرب امارات اور بعض دیگر ملکوں کے ساتھ مل کر مارچ دوہزار پندرہ سے یمن کو جنگ کا نشانہ بنانے کے علاوہ اس ملک کا زمینی، فضائی اور سمندری محاصرہ بھی کر رکھا ہے۔چھے سال سے زائد عرصے سے یمن کے خلاف جاری اس غیر قانونی جنگ اور سعودی جارحیت کے نتیجے میں دسیوں ہزار یمنی شہری شہید اور زخمی ہوچکے ہیں جبکہ لاکھوں لوگوں کو اپنا گھر بار چھوڑنے پر مجبور ہونا پڑا ہے۔







