کراچی: جعفرطیار سوسائٹی میں میٹھے پانی کے میگا منصوبے پر اہم اجلاس، مقررہ مدت سے قبل تکمیل کا فیصلہ
شیعیت نیوز : وزیر اعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی برائے پبلک ہیلتھ انجینئرنگ اور ایم پی اے سلیم بلوچ کی زیر صدارت جعفرطیار سوسائٹی اور عمار یاسر سوسائٹی ملیر میں میٹھے پانی کی فراہمی کے میگا منصوبے پر فالو اپ اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں منصوبے کو مقررہ مدت سے قبل مکمل کرنے اور حائل تمام رکاوٹوں کو فوری دور کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
13 اکتوبر 2026 کو ملیر آفس میں منعقد ہونے والے اس اہم اجلاس میں سندھ حکومت کی جانب سے لائی جانے والی نئی واٹر اسکیم کی موجودہ صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کے افسران اور پاکستان پیپلز پارٹی یو سی 3 کے عہدیداران کے علاوہ ملی تنظیموں کے نمائندوں نے بھرپور شرکت کی۔
یہ بھی پڑھیں : پشاور دیر کالونی اسکول سانحہ انتہائی دلخراش ہے، شفاف تحقیقات کی جائیں، علامہ احمد اقبال رضوی
شرکاء میں مجلس وحدت مسلمین ضلع ملیر کے صدر سید احسن عباس رضوی، غازی عباس ٹرسٹ کے وائس چیئرمین و مرکزی تنظیم عزا کے نمائندے اختیار امام رضوی، جعفریہ الائنس ضلع ملیر کے کوآرڈینیٹر ثمر زیدی، یو سی 3 کے وائس چیئرمین و صدر تنظیم عزاداری ملیر رضا حسین رضوی اور غازی عباس ٹرسٹ کے ٹرسٹی سید مرتضیٰ عابدی شامل تھے۔
اجلاس کے دوران سلیم بلوچ نے شرکاء کو یقین دہانی کرائی کہ فراہمی آب کے منصوبے کی جلد از جلد تکمیل کے ساتھ ساتھ، جعفرطیار سوسائٹی کے بند کوآپریٹیو آفس کی بحالی، نئے انتخابات کے شفاف انعقاد اور منتخب باڈی کو اختیارات کی منتقلی میں بھی بھرپور تعاون کیا جائے گا۔







