ایرانی قوم کے حقوق پامال ہوئے تو آبنائے ہرمز میں پابندیاں جاری رہیں گی، جنرل امیر حاتمی
میجر جنرل امیر حاتمی
شیعیت نیوز : اسلامی جمہوریہ ایران کی فوج کے اعلیٰ کمانڈر میجر جنرل امیر حاتمی نے خبردار کیا ہے کہ اگر دشمن کی جانب سے ایرانی قوم کے حقوق کا احترام نہیں کیا گیا تو آبنائے ہرمز میں بحری آمدورفت سے متعلق پابندیاں بدستور جاری رہیں گی۔ انہوں نے یہ انتباہ تہران کی امام علی (ع) ملٹری یونیورسٹی کی مسجد میں منعقدہ اعتکاف کی 11ویں قومی کانگریس اور 8ویں بین الاقوامی علمی، ادبی و فنونِ لطیفہ فیسٹیول کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے دیا۔
جنرل حاتمی نے ایران کی طاقت کے چار بنیادی عناصر پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ عوام کی میدان میں موجودگی، مسلح افواج کی قوت، حکومتی اداروں کا تسلسل اور ایران کا تزویراتی جغرافیائی محلِ وقوع وہ ستون ہیں جنہوں نے دشمن کے تمام اندازوں کو ناکام بنا دیا۔ انہوں نے کہا کہ مسلط کردہ جنگ کے ابتدائی دنوں میں رہبرِ معظم انقلاب کے فرمودات کے مطابق عوام نے اپنی صلاحیتوں پر بھروسا کرتے ہوئے حالات کو سنبھالا، جبکہ فوج اور سپاہِ پاسدارانِ انقلاب نے اہم کمانڈروں کی شہادتوں کے باوجود اپنے عسکری فرائض جاری رکھے اور دشمن کو منہ توڑ جواب دیا۔
یہ بھی پڑھیں : ایران اور یمن کی استقامت نے عالمی طاقتوں کا غرور خاک میں ملا دیا، علامہ حسن ظفر نقوی
ان کا مزید کہنا تھا کہ اہم حکومتی عہدیداروں کی شہادتوں کے باوجود ایران کا انتظامی، سیاسی، معاشی اور عدالتی ڈھانچہ بغیر کسی رکاوٹ کے فعال رہا، جو دشمن کی توقعات کے بالکل برعکس تھا۔ جنرل امیر حاتمی نے آبنائے ہرمز کی بے پناہ جغرافیائی اہمیت پر زور دیتے ہوئے اسے ایران کی طاقت کا چوتھا بڑا ستون قرار دیا اور دوٹوک الفاظ میں واضح کیا کہ اگر ملکی اور قومی حقوق کی رعایت نہ کی گئی تو اس اہم آبی گزرگاہ پر پابندیاں برقرار رہیں گی۔







