سعودی عرب

سعودی وزارت سیاحت کی ویکسینیٹڈ غیر ملکی سیاحوں کو داخلے کی اجازت

شیعیت نیوز: سعودی عرب کی وزارت سیاحت نے دوسرے ممالک کے ان سیاحوں کو ملک میں آنے کی اجازت دے دی ہے جو اپنی ویکسینیشن مکمل کروا چکے ہیں۔

وزارت سیاحت نے اس بات کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ سیاحوں کو قرنطینہ نہیں کرنا پڑے گا بلکہ صرف ویکسینشین سرٹیفیکیٹ فراہم کرنا ہوگا۔

اعلان کے مطابق متعدد ممالک کے سیاحوں، جو شرائط پر پورا اترتے ہیں، کو یکم اگست 2021 سے سعودی عرب میں داخلے کی اجازت ہوگی۔

خیال رہے کہ غیر ملکی سیاحوں کو سعودی عرب میں کورونا وبا کے باعث 17 ماہ بعد داخلے کی اجازت دی گئی ہے۔

سعودی عرب کی وزارت سیاحت کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں مزید بتایا گیا ہے کہ ان افراد کو ’امیونائزڈ‘ تصور کیا جائے گا جو سعودی عرب کی طرف سے منظور شدہ ویکسین جن میں فائزر، ایسٹرازینیکا یا موڈرنا شامل ہیں، کی دو خوراکیں لگوا چکے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : اسماعیل ہنیہ دوسری بار حماس کے سربراہ منتخب

سیاحت کی غرض سے سعودی عرب آنے والے افراد کو اپنی ویکسینیشن کے حوالے سے ڈیٹا نئے الیکٹرانک پورٹل میں درج کرانا ہوگا اور ساتھ ہی یہ معلومات ’توکلنا‘ ایپلیکیشن کے ذریعے بھی درج کی جائیں گی۔ ان معلومات کو ہر ایک عوامی مقام میں داخلے کے وقت دکھانا بھی لازمی ہوگا۔

عرب نیوز کے مطابق سعودی عرب کے وزیر سیاحت احمد الخطیب کا کہنا ہے کہ ’ہم ایک مرتبہ پھر سیاحوں کو خوش آمدید کہتے ہیں، اور ہم پھر سے مہمانوں کی آمد پر خوش ہیں جس میں کرونا وبا کے باعث تعطل آ گیا تھا۔‘

انہوں نے مزید کہا کہ ’اس عرصے کے دوران ہماری تمام تر توجہ تمام شعبوں میں ہمارے شراکت داروں کے ساتھ تعاون پر تھی تاکہ سیاحوں کی محفوظ واپسی کو یقینی بنایا جا سکے اور وہ سلطنت کے سیاحتی خزانوں، اہم مقامات اور جگہوں کو دیکھ سکیں۔

متعلقہ مضامین

Back to top button