صیہونی زندانوں میں مزید پانچ فلسطینی قیدیوں کی بھوک ہڑتال
شیعیت نیوز: کلب برائے اسیران کی طرف سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ صیہونی زندانوں میں مزید 5 فلسطینیوں نے انتظامی قید کے خلاف بہ طور احتجاج بھوک ہڑتال شروع کردی ہے۔
کلب برائے اسیران کے مطابق صیہونی زندانوں میں بھوک ہڑتال کرنے والے فلسطینی اسیران کی تعداد 13 ہوگئی ہے۔ اس سے قبل 5 فلسطینی شہری صیہونی زندانوں میں بھوک ہڑتال جاری رکھے ہوئےتھے۔
کلب برائے اسیران کے مطابق بھوک ہڑتال کی فہرست میں شامل ہونے والوں میں علا الدین خالد علی، احمد عبدالرحمان ابو سل، محمد ابو خالد ابو سل، حسام تیسیر ربعی اور فادی العمور شامل ہیں جس کے بعد اسرائیلی زندانوں میں بھوک ہڑتال کرنے والے فلسطینیوں کی تعداد 13 ہوگئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں : دنیا کے دسیوں ممالک میں اسرائیلی جاسوسی کے چرچے
قبل ازیں آٹھ فلسطینی شہریوں سالم زیدات، محمد اعمر، مجاھد حامد، محمود الفسفوس، کاید الفسفوس، رافت الدرویش، جیفارا النمورہ اور ماہر دلایشہ نے بھوک ہڑتال شروع کر رکھی ہے۔
دوسری جانب اسرائیلی زندانوں میں قید بھوک ہڑتالی فلسطینی موید الخطیب نے بھوک ہڑتال کی وجہ سے حالت خراب ہونے کے بعد بھوک ہڑتال معطل کردی ہے۔ اسیر موید الخطیب کو ریمون جیل کی ڈسپنسری میں منتقل کیا گیا ہے۔
فلسطینی محکمہ اموراسیران کے مطابق موید الخطیب طویل بھوک ہڑتال کے باعث خون کی قے کر رہے تھے جس کے بعد انہوں نے بھوک ہڑتال معطل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : صیہونی دشمن کے خونی جبڑوں سے اپنے حقوق چھین کرلیں گے، ڈاکٹر الزھار
فلسطینی محکمہ اموراسیران نےموید الخطیب کی حالت کی خرابی کی تمام ذمہ داری اسرائیلی ریاست پر عائد کی ہے اور کہا ہے کہ اسرائیلی دشمن کی طرف سے فلسطینی اسیران بھوک ہڑتال پرمجبور کیا جاتا ہے۔
دریں اثناء فلسطینی عوام نے غزہ کے محاصرے، صیہونی بستیوں کی تعمیر اور صیہونیوں کے جرائم جاری رہنے کے خلاف ہر ہفتے کی طرح کل بھی فلسطین کے مختلف علاقوں میں مظاہرے کئے۔







