دنیا

چین کے ساتھ سرد جنگ نہیں چاہتے، نیٹو سربراہ ینس اسٹولٹن برگ

شیعیت نیوز: نیٹو کے سربراہ ینس اسٹولٹن برگ نے بریسلز میں سربراہی اجلاس کے آغاز سے قبل کہا ہے کہ چین کے ساتھ نئی سرد جنگ شروع کرنے کا کوئی ایجنڈا زیرغور نہیں ہے۔

رپورٹ کے مطابق نیٹو کے سربراہ ینس اسٹولٹن برگ نے کہا ہے کہ ہم چین کے ساتھ سرد جنگ شروع نہیں کرنا چاہتے اور چین ہمارا دشمن نہیں ہے تاہم ہمیں ایک اتحادی کی حیثیت سے اپنی سیکورٹی کے لئے چین کے ابھرنے سے پیدا ہونے والے چیلنجوں کا مقابلہ کرنے کے لئے تیار رہنا چاہئے۔

نیٹو کے سربراہ نے چین کو اس اجلاس کا ایک اہم موضوع قرار دیا اور کہا کہ ہمیں چین کے ساتھ ماحولیات کی تبدیلی اور ترک اسلحہ کے بارے میں اشتراک عمل کرنے کی ضرورت ہے۔

اسٹولٹن برگ نے کہا کہ چین کا مقابلہ کرنا کسی ایک ملک کا کام نہیں ہے اور نیٹو کے اجلاس کا اعلامیہ چین کے بڑھتے ہوئے اثر و رسوخ کو روکنے کے لئے نئی اسٹریٹیجی پر مشتمل ہوگا۔

یہ بھی پڑھیں : اسلامک انسٹیٹیوٹ آف ٹورنٹو میں زبردستی داخل ہونے کی کوشش میں 2 افراد گرفتار

دوسری طرف چین نے مغربی فوجی اتحاد ’’نیٹو‘‘ کے سربراہ ینس اسٹولٹن برگ کے چین کو عالمی امن کے لیے خطرہ قرار دینے کے بیان کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق چین نے مغربی دفاعی اتحاد ’’نیٹو‘‘ کو خطے میں نیا تنازع کھڑا کرنے سے خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ نیٹو پالیسیوں کی وجہ سے پیدا ہونے والے منظم چیلنج کا مقابلہ اپنے مغربی اتحادیوں کے ساتھ مل کر کریں گے۔

چین کے وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں مغربی فوجی اتحاد ’’نیٹو‘‘ کے رہنما ینس اسٹولٹن برگ کے چین کو عالمی امن کے لیے خطرہ قرار دینے کے بیان کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے نیٹو کو عقلیت پسندی سے کام لینے کا مشورہ دیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : نیٹو اور جی 7 بیان بازی کے بجائے بین الاقوامی قانون پر عمل کریں، سعید خطیب زادہ

چین نے نیٹو رہنما کے تمام الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ چین نے کبھی جارحانہ عزائم نہیں رکھے اور نہ ہی وہ خطے میں جنگ کی خواہش رکھتا ہے بلکہ چین تمام ممالک کے ساتھ احترام کے ساتھ خوشگوار تعلقات چاہتا ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز مغربی دفاعی اتحاد نیٹو کے رہنما ینس اسٹولٹن برگ نے کہا تھا کہ چین کی جوہری ہتھیاروں کی تیاری کے ساتھ خلائی اور سائبر جنگی صلاحیتوں میں اضافہ عالمی امن کے لیے خطرہ بنتا جا رہا ہے۔

متعلقہ مضامین

Back to top button