یہودی توسیع پسندی مخالف فلسطینی ریلی پراسرائیلی فوج کا وحشیانہ تشدد
شیعیت نیوز : فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے کےشمالی شہر نابلس میں فلسطینی شہریوں کی طرف سے علاقے میں جاری یہودی توسیع پسندی اور آباد کاری کے خلاف نکالی گئی فلسطینی ریلی پر اسرائیلی فوج نے حملہ کیا ہے جس کے نتیجے میں درجنوں فلسطینی زخمی ہوگئے۔
مقامی فلسطینی ذرائع نے بتایا کہ اسرائیلی فوجیوں نے بیتا کے مقام پر نکالی گئی احتجاجی فلسطینی ریلی پر آنسوگیس کی شیلنگ کی۔ مظاہرین بیتا اور حوارہ کے مقامات پر فلسطینیوں کی اراضی پرقبضے کےبعد وہاں پر بائی پاس روڈ کی تعمیر کے خلاف احتجاج کررہے تھے۔
اسرائیلی فوج کی فائرنگ، آنسوگیس کی شیلنگ اور دھاتی گولیوں کی بوچھاڑ سے درجنوں فلسطینی زخمی ہوئے۔
یہ بھی پڑھیں : سعودی عرب محمد الخضری سمیت تمام فلسطینی رہنماؤں اور کارکنوں کو رہا کرے، حماس
دوسری جانب اسرائیل کی عوفر فوجی عدالت نے اسلامی تحریک مزحمت ’حماس‘ کے سینیر رہنما اور پارلیمنٹ کے رکن جمال الطویل کو چھ ماہ کی قابل توسیع انتظامی قید کی سز سنائی ہے۔دو جون کو رام اللہ میں واقع ان کے گھر پر چھاپہ مار کارروائی کے دوران حراست میں لے لیا تھا۔
قابض اسرائیلی فوج نے ان کی رہائش گاہ پر چھاپہ مار کارروائی کے دوران گھر میں گھس کر توڑپھوڑ اور لوٹ مار بھی کی۔
خیال رہے کہ الشیخ جمال الطویل اسرائیلی زندانوں میں بار بار جانے کا ایک طویل ریکارڈ رکھتے ہیں اور وہ مجموعی طور پر 14 سال اسرائیلی زندانوں میں قید رہ چکے ہیں۔
چند ہفتے قبل حماس کی طرف سے پارلیمانی انتخابات کے لیے انتخابی امیدواروں کی ایک فہرست جاری کی گئی تھی جن میں الشیخ جمال الطویل بھی شامل ہیں۔ اسرائیلی فوج اب تک اس فہرست میں 10 اہم امیدواروں کو گرفتار کرچکی ہے۔
یہ بھی پڑھیں : فلسطینی بیت المقدس کی حمایت کے لئے پرعزم ہیں، سید حسن نصر اللہ
دریں اثنا اسرائیل کی فوجی عدالت ’عوفر‘ نے فلسطینی طالب علم عزالدین فائز الریماوی کو ڈیرھ سال قید اور چار ہزار شیکل جرمانہ کی سزا سنائی ہے۔
اسیران میڈیا سینٹر کے مطابق الریماوی کو اسرائیلی فوج نے 22 اکتوبر 2020ء کو حراست میں لیا تھا۔ رام اللہ میں بیت ریما کے مقام سے گرفتاری کے وقت قابض فوج نے اس کے گھر میں گھس کر قیمتی سامان کی توڑپھوڑ اور لوٹ مار بھی کی تھی۔ گرفتاری کے بعد اسے عسقلان کے ایک بدنام زمانہ حراستی مرکزمیں منتقل کردیا تھا۔
الریماوی سے مسلسل 40 دن تفتیش کی جاتی رہی جس کے بعد اسے عوفر جیل میں ڈال دیا گیا۔
اس دوران اس پر فوجی عدالت میں مقدمہ چلایا گیا۔ اسلامک بلاک طلبا تنظیم کی سرگرمیوں میں حصہ لینے کے الزام میں جاری ٹرئل کے بعد اسے 18 ماہ قید اور چار ہزار شیکل جرمانہ کی سزا سنائی گئی ہے۔







