آبنائے ہرمز پر ایرانی فوج کا کنٹرول مزید سخت، غیر مجاز جہازوں کو انتباہ، بریگیڈیئر جنرل محمد اکرمینیا
شیعیت نیوز : ایرانی فوج کے ترجمان بریگیڈیئر جنرل محمد اکرمینیا نے اعلان کیا ہے کہ مسلح افواج کی جنگی تیاریوں میں نمایاں اضافہ کر دیا گیا ہے اور آبنائے ہرمز پر نگرانی و کنٹرول کو پہلے سے کہیں زیادہ سخت کر دیا گیا ہے۔
ایرانی فضائیہ کے کمانڈروں اور اہلکاروں سے خطاب کرتے ہوئے جنرل محمد اکرمینیا نے کہا کہ آرمی چیف جنرل حاتمی کی ہدایات کے تحت آبنائے ہرمز میں جدید دفاعی اور نگرانی کے نظام تعینات کر دیے گئے ہیں، جبکہ ایرانی فوج اور سپاہِ پاسدارانِ انقلابِ اسلامی کی مشترکہ تیاریاں اعلیٰ ترین سطح پر ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : ایران کے محاصرے کے امریکی منصوبے خیالی اور بے نتیجہ ثابت ہوں گے، میجر جنرل محسن رضائی
انہوں نے جہاز ران کمپنیوں کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ خطے کی موجودہ صورتحال کے پیش نظر ایرانی مسلح افواج کے ساتھ ہم آہنگی کے بغیر آبنائے ہرمز سے گزرنے والے جہاز شدید خطرات سے دوچار ہو رہے ہیں اور بحری بارودی سرنگوں سے ٹکرا کر تباہ ہو چکے ہیں۔
جنرل اکرمینیا کا کہنا تھا کہ محفوظ گزرگاہ کے لیے تمام بحری جہازوں کو اسلامی جمہوریہ ایران کی مسلح افواج کے ساتھ مکمل رابطہ اور کوآرڈینیشن کرنا لازمی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ امریکہ عسکری، سیاسی اور اقتصادی محاذوں پر ہائبرڈ جنگ مسلط کر کے ایران کو جھکانے میں مکمل طور پر ناکام رہا ہے۔
واضح رہے کہ آبنائے ہرمز دنیا کی اہم ترین بحری گزرگاہ ہے اور امریکی دباؤ و بحری ناکہ بندی کی کوششوں کے جواب میں ایران نے اس اسٹریٹجک آبی راستے پر اپنی دفاعی نگرانی مزید مؤثر بنا دی ہے۔ (ماخذ: مہر نیوز ایجنسی)







