امریکی بندرگاہ اوکلینڈ میں فلسطین کی حمایت میں مظاہرے

شیعیت نیوز : امریکی بندرگاہ اوکلینڈ پر فلسطینیوں کی حمایت میں ہونے والے مظاہرے کے نتیجے میں صیہونی بحری جہاز بندرگاہ سے دور جانے پر مجبور ہوگیا۔
المیادین ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق فلسطینیوں کی حمایت و یکجہتی میں بندرگاہوں کی لیبر یونین کے مظاہرے کے باعث اسرائیل کی زیم کمپنی کا بحری جہاز اپنا سامان اوکلینڈ بندرگاہ پر نہیں اتارسکا ۔
درایں اثنا امریکہ کے این بی سی ٹی وی نے بھی رپورٹ دی ہے کہ تقریبا ایک ہزار مظاہرین نے اسرائیلی بحری جہاز کو بندرگاہ سے دور جانے پر مجبور کردیا۔ یہ صورت حال اس وقت پیش آئی جب امریکی بندرگاہوں کی لیبریونین کے افراد نے بھاری تعداد میں فلسطین کی حمایت کرتے ہوئے اس کے ساتھ یکجہتی کا اعلان کرنا شروع کردیا۔
اوکلینڈ ریاست کیلیفورنیا کا آٹھواں اور امریکہ کا چوالیسواں بڑا شہر ہے ۔
یہ بھی پڑھیں : فلسطینیوں کی عسکری صلاحیت حیران کن، اسرائیل حماس کا کچھ نہیں بگاڑ سکا، روس
دوسری جانب امریکہ کے وفاقی تحقیقاتی ادارے ایف بی آئی نے، مختلف اداروں پر کیے جانے والے سائبر حملوں میں روس کے ملوث ہونے کا دعویٰ کیا ہے۔
ایف بی آئی کے سربراہ کرسٹوفر رے نے دعوی کیا ہے کہ، امریکہ کے خلاف انجام پانے والے زیادہ تر سائبر حملوں اور انتخابی عمل میں مداخلت کے پیچھے روس ملوث ہے۔ روس متعدد بار امریکی حکام کے اس قسم کے دعووں کو من گھڑت اور بے بنیاد قرار دے کر مسترد کرچکا ہے۔
اس سے پہلے امریکی وزیر خارجہ اینٹونی بلنکن نے، روس پر ہیکنگ کے معاملات میں ملوث ہونے یا ایسے اقدامات کی حمایت کا الزام لگائے بغیر دعویٰ کیا تھا کہ ماسکو کی ذمہ داری ہے کہ اپنی سرزمین سے امریکہ کے خلاف انجام پانے والے سائبر حملے روکے۔
امریکہ پچھلے چندماہ سے سنگین قسم کے سائبر حملوں کی زد پر ہے۔ گزشتہ سال ہیکروں نے امریکہ کے اہم ترین محکموں اور وزارت خانوں تک رسائی حاصل کرلی تھی اور کئی ماہ اہم اطلاعات اور معلومات جمع کرتے رہے جس کی کسی کو کانوں کان خبر نہ ہوئی۔