حکومت بے حسی کی تصویر بنی ہوئی ہے، اگر یہ لاوا پھٹ پڑا تو حالات کسی کے قابو میں نہیں آسکیں گے، علامہ حسن ظفر نقوی
شیعیت نیوز: معروف عالم دین اور خطیب اہل بیتؑ علامہ حسن ظفر نقوی کا کہنا ہے کہ کتنے دکھ اور بدنصیبی کی بات ہے کہ اس ملک کی مائیں، بہنیں، بیٹیاں اور بچے کتنے دنوں سے سڑکوں پر بیٹھے اپنا حق مانگ رہے ہیں، مگر ذمہ داروں کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگ رہی۔
ان کا کہنا تھا کہ جو لوگ ان ماؤں کے بچوں کو لاپتہ کرنے کے ذمہ دار ہیں، ان کی بے حسی کا عالم یہ ہے کہ وہ مختلف ذرائع سے دھمکیاں تو بھجوا رہے ہیں لیکن ماؤں کو ان کے بچوں اور معصوم بچوں کو ان کے باپ کا چہرہ دکھانے کو تیار نہیں، سمجھ میں نہیں آرہا ہے کہ آخر کن طاقتوں کے کہنے پر یہ بھیانک کھیل کھیلا جارہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: لاپتہ شیعہ عزاداروں کے اہلخانہ کا مزار قائد پر جاری احتجاجی دھرنےکو دس روز گذر کرگئے
علامہ حسن ظفر نقوی نے کہا کہ ماضی سے سبق حاصل نہ کرنے والوں کو ذرا بھی اندازہ نہیں کہ وہ لوگوں کے دلوں میں نفرتوں کو پروان چڑھا رہے ہیں، سول حکومتیں بے حسی کی تصویر بنی ہوئی ہیں، اگر یہ لاوا پھٹ پڑا تو حالات کسی کے قابو میں نہیں آسکیں گے، ہم حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ لاپتہ افراد کو بازیاب کرانے میں اپنا مثبت کردار ادا کرے، اگر کسی نے کوئی جرم کیا ہے تو اُس کو عدالتوں میں پیش کیا جائے ورنہ رہا کیا جائے۔







