دنیا

چین کو یک طرفہ امریکی مطالبات قبول نہیں، چینی وزیر خارجہ

شیعیت نیوز: چینی وزیر خارجہ وانگ یی نے عالمی معاملات میں امریکی بالادستی کے بابت سخت خبردار کیا ہے۔

ساوتھ چائنامارنگ پوسٹ کے مطابق، چینی وزیر خارجہ وانگ یی نے کہا ہے کہ بیجنگ کے ساتھ مذاکرات کے یک طرفہ امریکی مطالبات ہرگز قابل قبول نہیں۔

وانگ یی نے صراحت کے ساتھ کہا کہ بات چیت کے لیے چین کے دروازے کھلے ہوئے ہیں تاہم مذاکرات باہمی احترام اور برابری کی بنیاد پر ہونا چاہییں۔

چینی وزیر خارجہ نے یہ بات زور دے کر کہی کہ، ان کا ملک اس بات کو ہرگز قبول نہیں کرے گا دنیا کا کوئی ملک سارے ملکوں پر اپنی مرضی اور منشا کو زبردستی مسلط کرنے کی کوشش کرے۔

انہوں نے دو ٹوک الفاظ میں کہا کہ اگر امریکہ مقابلہ آرائی کا سلسلہ جاری رکھنا چا ہتا ہے تو چین اس چیلنج کو قبول کرتا ہے اور اسے کوئی خوف نہیں۔

یہ بھی پڑھیں : ایرانی بحری جہاز پر حملے کے بارے میں اسرائیل نے امریکہ کو آ گاہ کر دیا تھا

دوسری جانب چین نے حالیہ دنوں میں تائیوان سے کشیدہ معاملات کا ذمہ دار امریکہ کو قرار دے دیا ہے۔

چینی وزارت خارجہ کے ترجمان نے ہفتہ وار پریس بریفنگ کے دوران کہا کہ تائیوان کے ساتھ جاری حالیہ کشیدگی کا ذمہ دار امریکہ ہے، امریکی فضائی بحری بیڑہ چند روز قبل تائیوان کے قریب مشقوں میں مصروف تھا جب کہ گزشتہ روز امریکی جنگی بحری جہاز متنازع علاقے ’تائیوان اسٹریٹ‘ سے گزرا تھا لہذا کیا چین کو بھی اپنی طاقت کا مظاہرہ کرنے کے لیے خلیج میکسیکو میں جنگی جہاز بھیجنا چاہیے۔

چینی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ امریکی جہاز اشتعال انگیزی پیدا کررہا ہے جس کی وجہ سے معاملات نے نہ صرف غلط رخ اختیار کیا بلکہ تائیوان کے متنازع علاقے کے امن و استحکام کو بھی شدید خطرات لاحق ہیں۔

چین کی حکومت کو خدشہ ہے کہ تائیوان کی منتخب جمہوری حکومت باقاعدہ طور پر آزادی کے اعلان کی طرف بڑھ رہی ہے، اس کے علاوہ چین کئی مرتبہ واضح کرچکا ہے کہ تائیوان اس کے لیے انتہائی حساس اور اہم ترین معاملہ ہے تاہم تائیوان کی صدر متعدد بار کہہ چکی ہیں کہ تائیوان ایک آزاد ملک ہے جس کا نام ’رپبلک آف چائنہ‘ ہے۔

واضح رہے کہ چین، تائیوان کو اپنا صوبہ قرار دیتا ہے جب کہ تائیوان خود کو آزاد، خود مختار اور جمہوری ملک ہونے کا دعویٰ رکھتا ہے۔ چین اور تائیوان کے درمیان تعلقات ہمیشہ کشیدہ رہے ہیں جب کہ تائیوان اقوام متحدہ کا رکن ملک نہیں ہے۔

متعلقہ مضامین

Back to top button