اسلام اور قرآن کا نظام ہی دکھی انسانیت کا مداوا کرسکتا ہے، سرمایہ دارانہ نظام نے عوام کا خون چوسنے کے علاوہ کچھ نہیں کیا، علامہ ساجد نقوی
علامہ ساجد نقوی نے کہا کہ قائد اہلسنت مولانا شاہ احمد نورانی اور جے یو پی کی اتحاد ملت اسلامیہ کیلئے کاوشوں کو فراموش نہیں کیا جا سکتا۔

شیعیت نیوز: جمعیت علمائے پاکستان کے مرکزی صدر پیر اعجاز احمد ہاشمی تیزی سے روبصحت ہو رہے ہیں۔ تاہم ڈاکٹروں کے مشورے سے وہ گھر پر مکمل آرام کر رہے ہیں۔ اسلامی تحریک پاکستان کے سربراہ اور متحدہ مجلس عمل کے نائب صدر علامہ ساجد علی نقوی نے پیر اعجاز ہاشمی کو ٹیلی فون کرکے ان کی خیریت دریافت کی اور جلد صحتیابی کیلئے دعا بھی کی۔
علامہ ساجد نقوی نے جے یو پی کے مرکزی صدر سے ملی یکجہتی کونسل اور ایم ایم اے کی تشکیل اور بعد میں متحرک سیاسی جدوجہد کے دنوں کو بھی یاد کیا اور توقع کا اظہار کیا کہ دونوں رہنماؤں کے درمیان جلد ملاقات ہوگی۔ علامہ ساجد نقوی نے کہا کہ قائد اہلسنت مولانا شاہ احمد نورانی اور جے یو پی کی اتحاد ملت اسلامیہ کیلئے کاوشوں کو فراموش نہیں کیا جا سکتا۔
یہ بھی پڑھیں: برادر اسلامی ممالک پاکستان و ایران کی دوستی ایک نئی سمت کی جانب آگے بڑھ رہی ہے،مجید تخت راونچی
دہشت گردی اور فرقہ واریت کے دنوں میں مذہبی ہم آہنگی اور اتحاد امت کے عمل میں پیر اعجاز ہاشمی کی خدمات کو بھی سراہتے ہوئے اسلامی تحریک کے سربراہ نے کہا ہے کہ وہ انہیں دوبارہ متحرک دیکھنا چاہتے ہیں، آپ نظام مصطفیٰ کے قیام کی جدوجہد کے سپاہی ہیں، اسلامی نظام کا نفاذ دینی جماعتوں کا سیاسی ایجنڈا ہے، جو بہت جلد پایہ تکمیل کو پہنچے گا۔
یہ بھی پڑھیں: بھارتی گستاخِ قرآن ملعون وسیم رضوی دائرہ اسلام سے خارج اور مرتد ہے، علامہ سبطین سبزواری
انہوں نے کہا کہ اسلام اور قرآن کا نظام ہی دکھی انسانیت کا مداوا کرسکتا ہے، کیونکہ اب واضح ہوچکا ہے کہ سرمایہ دارانہ نظام نے عوام کا خون چوسنے کے علاوہ کچھ نہیں کیا۔ پیر اعجاز ہاشمی نے اسلامی تحریک کے سربراہ کا خیریت دریافت کرنے اور عیادت کرنے پر شکریہ ادا کیا۔ واضح رہے کہ مرکزی صدر جمعیت علمائے پاکستان پیر اعجاز ہاشمی کی نجی ہسپتال میں انجیو گرافی کے بعد انہیں تین سٹنٹ ڈالے گئے ہیں۔