عراق

عراقی صدر برھم صالح کی شہید قاسم سلیمانی کو جذباتی انداز میں خراج عقیدت

شیعیت نیوز: عراق کے صدر برھم صالح نے ایران کی سپاہ قدس کے کمانڈر شہید قاسم سلیمانی کو زبردست الفاظ میں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے انہیں دہشت گردی کے خلاف جنگ میں عراقی عوام کا سب سے بڑا حامی قرار دیا ہے۔

اسکائی نیوزعربی کو انٹرویو دیتے ہوئے عراقی صدر برھم صالح کا کہنا تھا کہ جنرل قاسم سلیمانی وہ شخصیت ہیں جو داعش کے حملوں کے دوران ہماری مدد کو آئے اور ہم میں سے کسی کو بھی انکار نہیں کرنا چاہیے۔

صدر برھم صالح نے عراق میں اصلاحات کے معاملے کو انتہائی اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ ملک کو موجودہ صورتال سے نکالنے کے لیے ایک مضبوط اور پائیدار حکومت کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے موجودہ سیاسی ڈھانچے میں لاتعداد نقائص پائے جاتے ہیں اور یہ نظام عوام کی خواہشات پر پورا نہیں اترتا۔

عراقی صدر نے واضح کیا کہ ملک کو اس وقت قومی مکالمے اور سرجوڑ کر مسائل کا حل نکالنے کی ضرورت ہے۔

یہ بھی پڑھیں : عراق میں امریکی لاجسٹک قافلے پر یکے بعد دیگر حملے

عراق سے امریکی فوجیوں کے انخلا کے بارے میں پوچھے گئے ایک سوال کہ جواب میں انہوں نے کہا کہ یہ مکمل طور پر عراقیوں اور عراقی حکومت کا فیصلہ ہے کہ امریکہ کو ہمارے ملک سے چلے جانا چاہیے، انہوں نے کہا کہ عراق میں امریکی فوجیوں کی تعداد کم کرکے ڈھائی ہزار کردی گئی ہے۔

صدربرھم صالح نے مزید کہا کہ عراق اور ایران کے تعلقات دیرینہ ثقافتی اور تاریخی رشتوں پر استوار اور برقرار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ملکوں کا استحکام ایک دوسرے پر اثر انداز ہونے کے ساتھ خطے پر بھی اپنے اثرات مرتب کر رہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ عراق خطے کے ملکوں کے درمیان پل کی حیثیت رکھتا ہے بنا برایں عراق کا امن اور استحکام پورے خطے کی ضرورت ہے۔

عراقی صدر نے اسرائیل کے ساتھ خطے کے بعض عرب ملکوں کے تعلقات کی بحالی کے بارے میں کہا کہ ان کا ملک فلسطینیوں کے مکمل حقوق کی بحالی چاہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ فلسطینیوں کو ان کے حقوق دیئے بغیر امن کا کوئی بھی عمل کامیاب نہیں ہوسکتا۔

متعلقہ مضامین

Back to top button