اہم ترین خبریںمقبوضہ فلسطین

بیت المقدس اور غرب اردن میں فلسطینیوں اور اسرائیلی فوج کے درمیان مسلح جھڑپ

شیعیت نیوز: کل بدھ کے روز فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے کے شمالی شہر جنین میں فلسطینی مزاحمت کاروں اور قابض اسرائیلی فوج کے درمیان مسلح جھڑپ ہوئی۔

مقامی ذرائع نے بتائا کہ یہ مسلح جھڑپ الجلمہ چوکی کے قریب الناصرہ اور جنین کو ملانے والی شاہراہ پر ہوئی جو کئی گھنٹے جاری رہی۔

فلسطینی مزاحمت کاروں نے قابض اسرائیلی فوج پر فائرنگ کی جب کہ قابض فوج نے ان پر گولیاں چلائیں۔ بعد میں اسرائیلی فوج نے مزید کمک بھی طلب کی اور علاقے میں سرچ آپریشن کے دوران کلوز سرکٹ کیمرے بھی اتار لیے۔

قبل ازیں منگل کی شب کو اسرائیلی فوج نے جنین میں شاہراہ الناصرہ پر فلسطینیوں پر حملہ کیا۔ اس دوران قابض فوج نے فلسطینی شہریوں پر آنسوگیس کی شیلنگ کی اور صوتی بموں کا استعمال کیا جس کے نتیجے میں متعدد فلسطینی زخمی ہوگئے۔

یہ بھی پڑھیں : غرب اردن: بارودی سرنگ پھٹنے سے فلسطینی نوجوان زخمی

دوسری جانب اسرائیلی فوج نے مقبوضہ بیت المقدس میں گذشتہ روز کفر عقب کے مقام پر چھاپہ مارکارروائی کے بعد فلسطینیوں پر وحشیانہ تشدد کیا جس کے نتیجےمیں درجنوں فلسطینی شہری زخمی ہوگئے۔

بیت المقدس کے مقامی فلسطینی ذرائع نے بتایا کہ اسرائیلی فوج کی بھاری نفری نے فوجی گاڑیوں کے ساتھ کفر عقب پر چڑھائی کی اور فلسطینیوں کے گھروں کا گھیرائو کرنے کے بعد آنسوگیس کی شیلنگ، صوتی بموں، براہ راست فائرنگ اور دھاتی گولیوں سے حملہ کیا جس کے نتیجے میں دسیوں فلسطینی زخمی ہوگئے۔

دوسری طرف فلسطینی شہریوں نے قابض اسرائیلی فوج پر سنگ باری کی۔ہلال احمر کے مطابق اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے درجنوں افراد زخمی ہوئے۔ دھاتی گولیوں سے 11 فلسطینی زخمی ہوئے جبکہ آنسوگیس کی شیلنگ سے 31 فلسطینی شہری زخمی ہوگئے۔

مقامی فلسطینی ذرائع کا کہنا ہے کہ فلسطینی شہریوں اور قابض فوج کے درمیان یہ مسلح جھڑپ کئی گھنٹے تک جاری رہیں۔

متعلقہ مضامین

Back to top button