سعودی فرمانروا شاہ سلمان نے سعودی وزیر حج و عمرہ کو برطرف کر دیا
شیعیت نیوز: سعودی عرب کے فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے کابینہ میں رد و بدل کر دی۔ دوسری طرف سعودی عرب نے 17 مئی سے بین الاقوامی پروازوں کی بحالی کا اعلان کر دیا۔
سعودی شاہی فرمان کے مطابق سعودی فرمانروا شاہ سلمان نے وزیر حج و عمرہ محمد صالح بینتین کو عہدے سے ہٹا دیا ہے اور ان کی جگہ عصام بن سعید کو قائم مقام وزیر مقرر کیا ہے۔
محمد صالح نے 2016ء میں وزیر مملکت برائے حج و عمرہ کی حیثیت سے ذمہ داریاں سنبھالی تھیں۔
ایک اور شاہی فرمان میں فرمانروا شاہ سلمان نے سعودی سپریم ایڈمنسٹریٹیو کورٹ کے سربراہ شیخ ابراہیم بن سلمان بن عبداللہ کو عہدے سے ہٹا کر شیخ علی بن سلیمان کو صدر سپریم ایڈمنسٹریٹیو کورٹ تعینات کیا ہے۔
اس کے بعد ایک اور شاہی فرمان میں سول ایوی ایشن اتھارٹی کے صدر عبدالہادی بن احمد کو ہٹا کر عبدالعزیز بن عبداللہ کو تعینات کر دیا ہے جبکہ عبدالہادی بن احمد کو معاون وزیر خارجہ مقرر کیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : صیہونیوں کے بعد انتہا پسند ہندونریندرمودی کے ساتھ آل سعود کے دوستانہ تعلقات میں اضافہ
دوسری جانب سعودی عرب نے 17 مئی سے بین الاقوامی پروازوں کی بحالی کا اعلان کر دیا۔ عرب میڈیا کےمطابق سعودی عرب کی سول ایوی ایشن اتھارٹی نے کورونا وائرس کی وجہ سے معطل بین الاقوامی فضائی آپریشن کو بحال کرنے کا اعلان کیا ہے جس کے بعد 17 مئی سے بین الاقوامی پروازیں چلائی جائیں گی۔
سعودی حکومت نے پہلے جنوری اور پھر 31 مارچ سے بین الاقوامی پروازوں کی بحالی کا اعلان کیا تھا لیکن اب سول ایوی ایشن کے سرکلر میں تاریخ مزید بڑھائی گئی ہے۔
سعودی جنرل اتھارٹی آف سول ایوی ایشن نے تصدیق کی کہ اس سلسلے میں مقامی ائیرپورٹس کو سرکلر بھی جاری کردیا گیا ہے کہ اب بین الاقوامی پروازیں 31 مارچ کے بجائے 17 مئی سے پرواز کریں گی۔
سعودی ایوی ایشن اتھارٹی کا کہنا ہے کہ جن ممالک میں کورونا وائرس کی صورتحال اب بھی خراب ہے وہاں کے لیے فلائٹ آپریشن معطل کیا جا سکتا ہے۔
عرب میڈیا کا بتانا ہے کہ سعودی عرب میں کورونا وبا کی وجہ سے بند لوکل فضائی آپریشن تیزی سے بحال کیا گیا ہے اور ملک بھر میں مقامی سطح پر ہفتہ وار پروازوں کی تعداد 3 ہزار سے تجاوز کر چکی ہے۔