ملکہ برطانیہ کی بہو میگھن مارکل نے بیکنگھم پیلس کی چولیں ہلا دیں

09 مارچ, 2021 12:37

شیعیت نیوز: ملکہ برطانیہ کی بہو اور پرنس ہیری کی اہلیہ میگھن مارکل نے شاہی خاندان کو نسل پرست قرار دے دیا ہے۔

معروف امریکی اینکر اوپرا ونفرے کو انٹرویو دیتے ہوئے میگھن مارکل نے کہا کہ شاہی خاندان کی نسل پرستی کا یہ عالم ہے کہ میرے بیٹے کی سانولی رنگت کی وجہ سے وہ اسے پرنس کا ٹائٹل تفویض کرنے کے لیے بھی تیار نہیں تھے۔

میگھن مارکل اور پرنس ہیری نے اس انٹرویو میں شاہی خاندان کے ارکان، خاص طور سے ولی عہد شہزادہ چارلس پر کڑی نکتہ چینی کی تاہم ملکہ برطانیہ کو براہ راست تنقید کا نشانہ بنانے سے گریز کیا۔

میگھن نے انٹرویو میں کہا تھا کہ سوشل میڈیا کی وجہ سے پریس سے ان کے تعلقات ’وائلڈ ویسٹ‘ کی مانند ہو گئے ہیں۔ ان کے مطابق شاہی خاندان کے تعلقاتِ عامہ کا عملہ جھوٹی خبروں کے خلاف ان کا دفاع کرنے میں ناکام رہا۔

یہ بھی پڑھیں : خاتون جنت فاطمہ الزہراؑ کی زندگی ہمارے لئے مشعل راہ ہے، سیدہ زہرا نقوی

انھوں نے کہا کہ ایک وقت تھا جب شاہی خاندان کا فرد ہونے کے سبب اُن کے ذہن میں خودکشی کے خیالات آتے تھے۔

انہوں نے کہا کہ برطانوی میڈیا کی جانب سے روزانہ کی بنیاد پر کیے جانے والے اُن کے ٹرائل سے وہ بے حد تنگ تھیں، ایک ایسا وقت تھا جب وہ ہیری سے شادی کے بعد زندہ نہیں رہنا چاہتی تھیں۔

میگھن مارکل اور پرنس ہیری نے گزشتہ سال جنوری میں شاہی خاندان سے باضابطہ علیحدگی اور امریکہ منتقل ہونے کا اعلان کیا تھا۔

برطانوی شاہی خاندان کا تاحال میگھن اور ہیری کے تازہ انٹرویو پر کوئی باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا ہے تاہم کہا جارہا ہے کہ میگھن کے انکشافات اور نسل پرستی کے الزامات نے بیکنگھم پیلس سمیت میڈیا پر بھی بھونچال برپا کردیا ہے۔

امریکی چینل سی بی ایس پر اتوار کی شب نشر ہونے والے اس انٹرویو میں شہزادہ ہیری اور ان کی اہلیہ نے اُن وجوہات کا ذکر کیا جن کے باعث انھوں نے شاہی زندگی سے دستبردار ہونے کا فیصلہ کیا اور اب یہ جوڑا امریکہ میں مقیم ہے۔

3:01 صبح مارچ 11, 2026
بریکنگ نیوز:
اوپر تک سکرول کریں۔