صیہونی آباد کار نے تین فلسطینیوں کو گاڑی سے کچل ڈالا ، ایک موقع پر شہید
شیعیت نیوز: کل جمعہ کے روز مقبوضہ وادی اردن کے شمال میں ایک صیہونی شرپسند نے اپنی گاڑی کی ٹکر سے تین فلسطینیوں کو کچل ڈالا جس کے نتیجے میں ایک فلسطینی موقعے پر دم توڑ گیا جب کہ دو شدید زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیے گئے ہیں۔
طوباس گورنری میں وادی اردن کے امور کے ذمہ دار معتز بشارات نے بتایا کہ صیہونی آباد کاروں کے ایک گروپ نے عین البیضا اور بردلا کے درمیان چوک میں فلسطینی شہریوں کو کچل ڈالا ۔
مقامی ذرائع نے بتایا کہ 50 سالہ بلال شحادہ بواطنہ موقع پر شہید ہوگیا۔ شہید فلسطینی کا تعلق غرب اردن کے وسطی شہر رام اللہ سے ہے جب کی زخمی ہونے والے دو فلسطینیوں کی شناخت فرحات عابد اور شادی ابو غوش کے نام سے کی گئی ہے۔ فرحات کا تعلق رام اللہ اور ابو غوش کا تعلق القدس سے ہے۔
قبل ازیں بدھ کے روز مشرقی نابلس میں کفر قلیل کے مقام پر ایک صیہونی آباد کار نے حارث چوک کے قریب ایک فلسطینی عزام جمیل عامر کو گاڑی تلے روند ڈالا تھا۔ شہید عامر کو ارئیل یہودی کالونی کے قریب سڑک پر شہید کیا گیا جس کے بعد اس کا جسد خاکی مقبوضہ فلسطین منتقل کردیا گیا ہے۔
گذشتہ ہفتے اسرائیل فوج کی ریاستی دہشت گردی کے نتیجے میں 3فلسطینی شہید ہوئے۔ ان میں 34 سالہ خالد ماہر نوفل راس کراکر کے مقام پر صیہونی آباد کاروں کی دہشت گردی میں جام شہادت نوش کرگیا۔
یہ بھی پڑھیں : شہید کے جسد خاکی کے حصول کے لیے نکالی گئی ریلی پر اسرائیلی فوج کا تشدد
دوسری جانب فلسطین کے مقبوضہ بیت المقدس میں کل جمعہ کے روز اسرائیلی فوج کی پرتشدد کارروائیوں کے دوران متعدد فلسطینیوں کو زخمی اور گرفتار کرلیا گیا۔
مقامی ذرائع کے مطابق بیت المقدس میں باب العامود کے مقام پر اسرائیلی فوج نے ایک چھاپہ مار کارروائی کے دوران دو فلسطینی نوجوانوں کو حراست میں لے لیا۔
مقامی ذرائع کے مطابق عیسویہ سے تعلق رکھنے والے دو فلسطینیوں محمد منذر عطیہ اور محمد احمد عطیہ کو اس وقت گرفتار کیا گیا جب وہ مسجد اقصیٰ میں جمعہ کی نماز ادا کرنے کے بعد مسجد سے باہر آ رہے تھے۔
ادھر اسرائیلی فوج نے شمال مغربی بیت المقدس میں النبی الصمویل کے مقام سے دو فلسطینی نوجوانوں کو گرفتار کیا۔ایک مقامی فوجی چوکی کے قریب سے گرفتار فلسطینیوں کی شناخت لیث برکات اور احمد برکات کے ناموں سے کی گئی ہے۔
دونوں کو’’عطروت‘‘ نامی حراستی مرکز منتقل کردیا گیا ہے۔خیال رہے کہ النبی صمویل بیت المقدس اور غرب اردن سے یہودی کالونیوں کی وجہ سے الگ تھلگ ہوچکا ہے۔ یہاں پر مقامی فلسطینیوں کے علاوہ کسی کو داخلے کی اجازت نہیں دی جاتی۔
ادھر جمعہ کے روز اسرائیلی فوج نے عیسویہ سے احمد عبدالحافظ عطیہ نامی ایک بچے کو گرفتار کیا۔عطیہ کے والد نے بتایا کہ اس کے بیٹے کی عمر 17 سال ہے۔ اسے حراست میں لیے جانے کے بعد ایک تفتیشی مرکز لے جایا گیا ہے۔







