مشرق وسطی

ساڑھے 3 سال بعد سعودی عربیہ اور قطر کے درمیان فضائی اور زمینی رابطہ بحال

شیعیت نیوز: سعودی عربیہ اور قطر کے تعلقات میں ایک اور اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ دونوں ممالک نے ساڑھے 3 سال بعد پروازیں بحال کرنے کا اعلان کیا، دوحہ اور ریاض کے درمیان پروازیں آج سے شروع ہوں گی۔

چند روز قبل ہی سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، بحرین اور مصر نے قطر کے ساتھ تعلقات بحال کیے تھے۔

دوسری جانب قطر اور سعودی عرب نے ساڑھے تین سال سے جاری تنازع کے خاتمے کے تاریخی معاہدے کے بعد زمینی رابطہ بحال کرتے ہوئے سرحد کھول دی۔

قطری ذرائع کا کہنا تھا کہ دوحہ سے 120 کلومیٹر جنوب میں ابو سمرہ سرحد پر ٹریفک کی روانی ہفتے کی صبح سویرے شروع ہوگئی۔ سرحد کھولنے کی خبر کے بعد صرف چند کاروں کی قطار نظر آئی اور سعودی عرب جانے کے لیے چیک پوسٹ پر کھڑی ہوگئیں۔

یہ بھی پڑھیں : افغانستان میں بد امنی عروج پر، متعدد دہشتگردانہ حملے

دوسری جانب سعودی عرب سے بھی بہت کم آمد ہوئی جس کی ایک وجہ کورونا وائرس کے باعث اپنائے گئے سخت اقدامات بھی ہیں۔ سعودی عرب جانے کے لیے سرحد میں چیک پوسٹ پر پہنچنے والے قطر کے شہری جبیر المری کا کہنا تھا کہ میں بہت خوش ہوں کہ سرحد دوبارہ کھل گئی ہے، قطریوں کے رشتہ دار سعودی عرب میں موجود ہیں۔ قطر کے ایک اور شہری حماد المری کا کہنا تھا کہ وہ خلیج کی مشہور شکار گاہ میں شکار کا موقع ملنے پر بہت خوش ہیں اور ہفتہ وار چھٹیاں وہاں گزاریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ وہاں جا کر شکار بھی کروں گا اور اپنے دوستوں کے ساتھ وقت گزاروں گا۔ شہریوں کا کہنا تھا کہ ہم سعودیہ میں اپنے خاندانوں سے ملیں گے اور اس اقدام سے ہر ایک خوش ہے کہ ہم مکہ اور مدینہ جاسکتے ہیں۔ یاد رہے کہ سعودی عرب نے جون 2017 میں قطر کے ساتھ سرحد کو مکمل طور پر بند کرتے ہوئے دیگر پابندیاں عائد کردی تھیں۔

یہ بھی پڑھیں : امریکی فوج کا انخلا محاذ استقامت کے کمانڈروں کی شہادت کے انتقام کی مانند ہے، حشد الشعبی

سعودی عرب نے دہشت گردوں کی معاونت اور ایران کے ساتھ تعلقات کا الزام عائد کرتے ہوئے یہ اقدام کیا تھا جبکہ قطر مسلسل ان الزامات کو مسترد کرتا رہا۔ قطر کے خلاف اقدامات میں سعودیہ کے ساتھ متحدہ عرب امارات، بحرین اور مصر بھی شامل ہوگئے تھے اور تمام ممالک نے تجارت اور سفر سمیت تمام رابطوں کو منقطع کردیا تھا۔ گزشتہ ہفتے سعودی عرب کے شہر العلا میں خلیج تعاون تنظیم (جی سی سی) کے اجلاس میں قطر کے امیر نے بھی شرکت کی تھی جہاں تعلقات کی بحالی کے معاہدے پر دستخط ہوگئے تھے۔

جی سی سی کے اجلاس سے ایک روز قبل کویت کے وزیرخارجہ احمد نصیر الصباح نے سرکاری ٹی وی پر اعلان کیا تھا کہ معاہدے پر اتفاق ہوگیا ہے اور اس کے تحت سعودی عربیہ اور قطر فضائی، زمینی اور بحری راستے بحال کریں گے۔ خیال رہے کہ 6 جنوری کو سعودی عرب اور اس کے اتحادی ممالک نے قطر کے ساتھ مکمل سفارتی تعلقات بحال کرنے پر اتفاق کیا تھا۔ سعودیہ کے شہر العلا میں 6 رکنی خلیج تعاون کونسل (جی سی سی) کے سربراہی اجلاس میں یکجہتی، استحکام کے نام سے معاہدے پر دستخط کیے گئے تھے۔

یاد رہے کہ جون 2017ء میں سعودی عرب، مصر، بحرین اور متحدہ عرب امارات نے قطر پر دہشت گردوں کی حمایت کرنے کا الزام لگاتے ہوئے زمینی، سمندری اور فضائی پابندی لگاتے ہوئے تعلقات منقطع کرلیے تھے۔ دوسری جانب قطر نے ان الزامات کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے اس کی سختی سے تردید کی تھی۔

متعلقہ مضامین

Back to top button