بھوک کو ہتھیار بنانا انسانیت پر حملہ ہے، اسرائیل کا رویہ نسل کشی کے مترادف ہے، علامہ احمد اقبال رضوی

28 اگست, 2025 20:12

شیعیت نیوز : مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے وائس چیئرمین علامہ سید احمد اقبال رضوی نے کہا ہے کہ فلسطین کے نہتے عوام کے خلاف غاصب اسرائیل کی جانب سے بھوک کو ہتھیار کے طور پر استعمال کرنا انسانیت سوز جرم اور جدید دنیا کی بدترین بربریت ہے۔

اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ محصور آبادی کو خوراک، پانی، ادویات اور بنیادی ضروریات سے محروم رکھنا نہ صرف انسانی ضمیر کے خلاف ہے بلکہ یہ بین الاقوامی قوانین، جنیوا کنونشن اور اقوامِ متحدہ کے انسانی حقوق کے چارٹر کی بھی کھلی خلاف ورزی ہے۔ بچوں، عورتوں اور بزرگوں کو فاقوں پر مجبور کرنا، ہسپتالوں کو بند کرنا اور انسانی ہمدردی کی امداد کو روکنا دراصل نسل کشی (Genocide) کے مترادف ہے۔

یہ بھی پڑھیں: قابض اسرائیل کا بھوک کو ہتھیار بنانا بدترین بربریت ہے، سینیٹر علامہ ناصر عباس جعفری

علامہ احمد اقبال رضوی نے کہا کہ یہ رویہ پوری دنیا کے لیے لمحۂ فکریہ ہے کہ اکیسویں صدی میں بھی ریاستی دہشت گردی اور ظلم و جبر کو روکنے کے بجائے عالمی طاقتیں خاموش تماشائی بنی ہوئی ہیں۔

انہوں نے عالمی برادری، اقوام متحدہ، او آئی سی اور انسانی حقوق کے اداروں سے مطالبہ کیا کہ غاصب اسرائیل کو فی الفور محصور فلسطینی عوام تک خوراک، پانی اور ادویات کی رسائی دینے پر مجبور کیا جائے۔ انسانی ہمدردی کی امداد کی راہ میں رکاوٹ ڈالنے کو جنگی جرم قرار دے کر عالمی عدالت انصاف میں مقدمہ چلایا جائے۔

انہوں نے کہا کہ فلسطینی عوام کے بنیادی انسانی حقوق کے تحفظ کے لیے مؤثر اور عملی اقدامات کیے جائیں، نہ کہ صرف مذمتی بیانات پر اکتفا کیا جائے۔

وائس چیئرمین مجلس وحدت مسلمین نے مزید کہا کہ بھوک کو ہتھیار بنانا دراصل پوری انسانیت پر حملہ ہے، اور فلسطین کے مظلوم عوام کے ساتھ یہ ظلم پوری دنیا کے امن، انصاف اور انسانی اقدار کے چہرے پر بدنما داغ ہے۔

8:11 صبح اپریل 16, 2026
بریکنگ نیوز:
اوپر تک سکرول کریں۔