دنیا

ماسکو اور انقرہ کا امریکی پابندیوں کے خلاف متحد ہونے کا اعلان

شیعیت نیوز: ترک وزیر خارجہ مولود چاوش اولو نے ماسکو میں روسی ہم منصب سرگئی لاوروف سے ملاقات کی ہے۔ اس موقع پر ماسکو اور انقرہ نے امریکی پابندیوں کے خلاف متحد ہونے کا اعلان کیا ہے۔

روسی وزیرخارجہ سرگئی لاوروف نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ ترکی پر امریکی پابندیوں کے باوجود ماسکو اور انقرہ کے درمیان فوجی تعاون پرکوئی فرق نہیں پڑے گا۔

سرگئی لاوروف نے ماسکو میں ترک ہم منصب مولود چاوش اولو سے ملاقات کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ امریکا کے غیر قانونی دباؤ کے باوجود ترکی کے ساتھ فوجی روابط مستحکم کیے جائیں گے۔

یہ بھی پڑھیں : شام کے دارالحکومت دمشق پر اسرائیل کا حملہ ناکام، میزائل تباہ

واضح رہے کہ امریکہ نے رواں ماہ ترکی پر روس سے میزائل دفاعی نظام ایس 400 خرید پر اقتصادی پابندیاں عائد کی ہیں۔ واشنگٹن کا موقف ہے کہ روس سے خریدا گیا میزائل دفاعی نظام امریکی لڑاکا طیاروں ایف 35کے لیے مضر ثابت ہوسکتا ہے اور اس نظام کے ذریعے ماسکو امریکی ٹیکنالوجی تک رسائی حاصل کرلے گا۔

تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ واشنگٹن کی جانب سے عائد قدغنیں نیٹو کے رکن کو روس سے قریب کرکے اتحاد سے دور کررہی ہیں۔

ترک وزیر خارجہ کاکہنا تھا کہ دنیا اچھی طرح جانتی ہے کہ پابندیاں ترکی کو پسپائی پر مجبور نہیں کر سکتیں۔

انہوں نے ترکی روس کمبائن اسٹریٹجک پلاننگ گروپ کے آٹھویں اجلاس کے موقع پر روسی ہم منصب سے ملاقات کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کیا۔ اولو نے کہا کہ پابندیاں ہماری خود مختاری پر حملہ ہیں۔

اپنے خطاب میں انہوں نے لیبیا کے ساتھ ترکی کے تعاون کے موضوع پر بھی بات کی۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی ملک یا لیبیا کے باغی جنرل حفتر کو یہ کہنے کا حق نہیں ہے کہ ترکی اس معاملے سے الگ ہو جائے۔

کورونا وائرس کے موضوع پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وبا کے خلاف جدوجہد کے سلسلے میں روس کے ساتھ طے پانے والے سمجھوتے کے تحت ترکی میں مشترکہ طور پر ویکسین تیار کی جائے گی۔

متعلقہ مضامین

Back to top button