شہید جنرل قاسم سلیمانی، مزاحمتی محاذ اور عالم اسلام کے شہید ہیں، حزب اللہ لبنان
شیعیت نیوز : لبنان کی اسلامی مزاحمتی تحریک حزب اللہ کے نائب سکریٹری جنرل نے جنرل قاسم سلیمانی کو مزاحمتی محاذ اور عالم اسلام کا شہید قرار دیا ہے۔
شیخ نعیم قاسم نے پیر کے روز اپنے ایک مقالے میں شہید قاسم سلیمانی کو تجربہ کار اور دور اندیش کمانڈر قرار دیا۔
ان کا کہنا تھا کہ وہ پورے منصوبے کے ساتھ دشمنوں کے خلاف آپریشن شروع کرکے اس میں کامیابی حاصل کرتے تھے۔
یہ بھی پڑھیں : محمد بن سلمان نے امریکا اور اسرائیل کے ساتھ مل کر مجھے قتل کرنے کی کئی بارکوشش کی، سید حسن نصراللہ
سید حسن نصراللہ کے نائب نے جنرل قاسم سلیمانی کو ایک ماہر، سمجھدار اور تجربہ کار سیاست داں قرار دیتے ہوئے کہا کہ اسی کے ساتھ وہ مقامی، علاقائی اور عالمی حالات سے بھی اچھی طرح واقف تھے۔
شیخ نعیم قاسم کا کہنا تھا کہ شہید سلیمانی باتوں کی گہرائی کو سمجھنے والے بہت ہی دور اندیش انسان تھے۔
دوسری جانب حزب اللہ لبنان کے سائبر میڈیا شعبے کے سربراہ حسین ریحالا نے شہید جنرل قاسم سلیمانی کی شہادت کی برسی کے موقع پر کہا کہ شہید قاسم سلیمانی نہ صرف ایک مجاہد تھے بلکہ مزاحمتی محاذ پر ایک ماہر اور تجربہ کار سیاست داں بھی تھے۔
انہوں نے جنرل قاسم سلیمانی کو ایسا شخص قرار دیا جو علاقے کے عوام کی خصوصیت اور رسم و رواج سے اچھی طرح واقف تھے نیز مشرق وسطی کی تبدیلیوں اور حالات پر ان کی گہری نظر تھی۔
واضح رہے کہ دو دن قبل سید حسن نصراللہ نے کہا تھا کہ شہید عماد مغینہ اور محسن فخری زادے کے قتل کے برخلاف جنرل قاسم سلیمانی اور ابو مہدی المہندس کا قتل ایک کھلی کاروائی اور جارحیت تھی اور یہ اسرائیل امریکہ اور سعودی عرب تینوں کی مشترکہ سازش کا حصہ ہے۔
حزب اللہ کے سربراہ نے کہا کہ شہید جنرل قاسم سلیمانی کے قتل میں صرف امریکہ ملوث نہیں بلکہ اسرائیل اور سعودی عرب بھی اس جرم میں شریک تھے۔
انہوں نے کہا کہ امریکہ سمجھ رہا تھا کہ شہید قاسم سلیمانی اور ابو مہدی المہندس کو شہید کرکے ، استقامتی محاذ کو ختم کیا جا سکتا ہے لیکن ایسا نہیں ہوا کیونکہ استقامتی محاذ ایک یا دو لوگوں تک محدود نہ تھا اور نہ ہے۔