دنیا

ٹرمپ کے جانے بعد امریکہ کے ساتھ تعلقات میں بہتری کی امید ہے، چین

شیعت نیوز: چین کے وزیر خارجہ وانگ ژی نے تنازعات کے حل کے لیے مذاکرات کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے امکان ظاہر کیا ہے کہ صدر ٹرمپ کے عہدہ چھوڑنے کے بعد امریکہ کے ساتھ تعلقات بہتر ہو سکتے ہیں۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق چین کے وزیر خارجہ وانگ ژی نے چین اور امریکہ کی بزنس کونسل سے خطاب میں امریکہ کے ساتھ تعلقات میں بہتری کی امید ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ میں صدر کی تبدیلی سے چین کے ساتھ ایک بار پھر غیر جانبدارانہ تعلقات بحال ہو سکتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : بیت المقدس میں اسرائیلی فوج اور فلسطینی شہریوں میں تصادم، 6 صیہونی فوجی زخمی

وزیر خارجہ وانگ ژی نے مزید کہا کہ تنازعات کا حل ٹیبل ٹاک میں ہے اور دونوں ممالک کے لیے یہ وقت بہترین ہے جب امریکی انتظامیہ میں بڑی تبدیلی آرہی ہے جس سے پالیسیوں میں نرمی اور غیر جانبداری کا امکان بڑھ گیا ہے۔

چین کے وزیر خارجہ کا یہ بیان اس وقت آیا ہے جب امریکی وزیر خارجہ نے ہانگ کانگ میں عوامی نمائندوں پر مقدمات بنانے کی مذمت کرتے ہوئے چینی حکام پر نئی پابندیوں کا عندیہ دیا ہے جس پر چینی وزارت خارجہ کی ترجمان نے شدید احتجاج بھی کیا ہے۔

واضح رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے دور میں دونوں ممالک کے باہمی تعلقات انتہائی کشیدہ رہے ہیں جس کے گہرے اثرات عالمی اقتصادیات پر بھی مرتب ہوئے ہیں۔

دوسری جانب چینی امور سے متعلق امریکی افسران نے کہا ہے کہ صدر ٹرمپ کے اقتدار کے آخری ہفتوں کے دوران بیجنگ پر دباؤ ڈالنے کی پالیسی کے تحت حکمراں کمیونسٹ پارٹی کے افسران کے خلاف مزید پابندیاں عائد کیے جانے پر غور ہو رہا ہے۔

امریکی ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ چینی پارلیمان کے حکام یا نیشنل پیپلز کانگریس اور سی سی پی کے ارکان سمیت 14 افراد نئی امریکی پابندیوں کی زد میں آئیں گے۔

چینی حکومت پر دباؤ بڑھانے کی پالیسی کے تحت ٹرمپ انتظامیہ نے حال ہی میں دونوں ملکوں کے درمیان پانچ ثقافتی پروگراموں کے تعلق سے سمجھوتے کو منسوخ کر دیا ہے۔

متعلقہ مضامین

Back to top button