مشرق وسطی

فلسطینیوں کے خلاف مظالم اور توسیع پسندی پر کویت کی شدید مذمت

کویت نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں ایک بار پھر فلسطینیوں ‌کے خلاف اسرائیلی ریاست کے مظالم، فلسطین میں یہودی آبادکاری، توسیع پسندی اور فلسطینی علاقوں پرغاصبانہ قبضے کے اقدامات کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔

مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق سلامتی کونسل میں کویت کے مندوب منصور العتیبی نے کہا کہ اسرائیلی ریاست کا فلسطینیوں کے خلاف مظالم کا سلسلہ اور غرب اردن میں فلسطینی اراضی کے الحاق کے منصوبوں پر مسلسل عمل درآمد شرمناک اور افسوسناک ہیں۔

العتینی کا کہنا تھا کہ اسرائیل فلسطینی قوم کے خلاف اپنے غیرقانونی ہتھکنڈوں اور قابض ریاست کا اسٹیٹس قائم رکھ کر ہمارے وجود کو خطرے میں ڈال رہا ہے۔ ہم ایک بار پھرفلسطینی اراضی پر اسرائیل کے توسیع پسندانہ اور غاصبانہ قبضے کو وسعت دینے کے اقدامات کی مذمت کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اسرائیل فلسطینی علاقوں میں اپنی غیرقانونی اور غیرمجاز سرگرمیاں جاری رکھتے ہوئے غرب اردن کے الحاق اور فلسطینی اراضی میں ہزاروں کی تعداد میں مکانات کی تعمیر کرکے عملا فلسطینی مملکت کے قیام کی کوششوں کو تباہ کر رہا ہے۔

انہوں‌ نے فلسطین میں یہودی آباد کاری ، توسیع پسندی اور غاصبانہ قبضے کے حوالے سے اقوام متحدہ کی رپورٹس کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اسرائیل نہ صرف غرب اردن کے الحاق کے پروگرام کوآگے بڑھ رہا ہے بلکہ صہیونی ریاست مشرقی بیت المقدس کو یہودیانے اور غیر قانونی طور پر فلسطینی شہروں میں یہودی بستیوں کی تعمیر جاری رکھے ہوئے ہے۔

سلامتی کونسل میں کویت کے مندوب منصور العتیبی نے کہا کہ ایک آزاد اور خود مختار فلسطینی ریاست کا قیام وقت کی ضرورت ہے۔ آزاد فلسطینی ریاست اور فلسطینی قوم کی امنگوں کے مطابق ان کے حق خود ارادیت کو یقینی بنائے جانے تک خطے میں دیر پا امن قائم نہیں ہوسکتا۔ انہوں ‌نے کہا کہ اسرائیلی ریاست کی توسیع پسندانہ سرگرمیوں کے نتیجے میں فلسطینی ریاست کا قیام مشکل ہوتا جا رہا ہے۔ عالمی برادری کو فلسطینی ریاست کے قیام کے لیے اپنی ذمہ داریاں انجام دینا ہوں گی۔

 

متعلقہ مضامین

Back to top button