مشرق وسطی

شام: دہشتگردوں کے ہتھیاروں کے گودام میں خوفناک دھماکہ، 10 دہشتگرد ہلاک

شام کے شہر ادلب کے نواحی علاقے میں دہشتگردوں کے ہتھیاروں کے گودام میں ہونے والے دھماکے میں متعدد دہشتگرد ہلاک ہو گئے ہیں۔

اسپوتنک کی رپورٹ کے مطابق شام کے شہر ادلب کے نواحی علاقے سلقین میں آج صبح سویرے تحریر الشام ( جبهه النصره) کے دہشتگردوں کے ہتھیاروں کے گودام میں ہونے والے دھماکے میں کم سے کم 10 دہشتگرد ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے ہیں۔

آگاہ ذرائع کا کہنا ہے کہ ہونے والے دھماکے کے نتیجے میں 2 بچوں سمیت 6 شامی شہری بھی زخمی ہوئے۔

صوبہ ادلب کے ایک بڑے حصے پر دہشتگردوں کا قبضہ ہے ۔ شامی فوج نے تاکید کے ساتھ اعلان کیا ہے کہ وہ اس صوبے کو بھی دہشتگردوں سے پاک کر کے دم لے گی۔

ترکی شام میں دہشت گرد گروہوں کا ایک اصلی حامی شمار ہوتا ہے- ترکی کی فوج نے ادلب میں پچھلے ہفتوں کے دوران دہشت گردوں کی حمایت میں شامی فوج کے ٹھکانوں اور اس کی تنصیبات پر کئی بار حملے کئے تھے – اس وقت بھی صوبہ ادلب کے بعض علاقوں پر ترک فوج نے قبضہ کر رکھا ہے۔

گزشتہ تین برسوں کے دوران ترکی نے بارہا شام میں جارحیت کا ارتکاب کیا ہے- اس درمیان شام کے اندر ترک فوج کی کارروائیوں کی عالمی سطح پر مذمت کی جارہی ہے۔

یاد رہے کہ شامی افواج گزشتہ نو سال سے امریکا ، یورپ اور چند علاقائی حکومتوں کے حمایت یافتہ دہشت گردوں کے خلاف نبرد آزما ہیں۔

شامی افواج نے اسلامی جمہوریہ ایران کی فوجی مشاورت کے علاوہ روس اور استقامتی محاذ کے تعاون سے داعش کو مکمل شکست دے کر اپنے سبھی علاقے اس خطرناک دہشت گرد گروہ کے قبضے سے آزاد کرا لئے اور اس وقت شام میں کوئی علاقہ داعش کے قبضے میں نہیں ہے-

متعلقہ مضامین

Back to top button