دنیا

امریکی ری پبلکن پارٹی کا ڈونلڈ ٹرمپ کو ووٹ نہ دینے کا فیصلہ

شیعت نیوز : امریکی ری پبلکن پارٹی کے سرکردہ رہنماؤں نے دوبارہ صدارت کے امیدوار ڈونلڈٹرمپ کو ووٹ نہ دینے کا اعلان کر دیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق سابق صدر جارج بش نے واضح کیا ہے کہ وہ ڈونلڈٹرمپ کو ووٹ نہیں دیں گے، ان کے بھائی اور فلوریڈا کے سابق گورنر جیب بش بھی ٹرمپ کو ووٹ دینے کے حوالے سے مخمصے کا شکار ہوگئے ہیں۔

امریکہ کے سابق وزیر خارجہ کولن پاؤل نے صدرٹرمپ کو پکا جھوٹا قرار دیا اور کہا کہ وہ اس بار ڈیموکریٹ امیدوار جو بائیڈن کو ووٹ دیں گے۔ پاؤل نے ماضی میں جان مک کین کی جگہ براک اوباما کو ووٹ دیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں : امریکہ کی ایرانی کمانڈروں پر پابندیاں لگانا ایک سازش ہے۔ جنرل حسین اشتری

واضح رہے کہ سابق صدر بش اور سابق وزیر خارجہ پاؤل دونوں ہی صدر ٹرمپ کے اقدامات سے نالاں ہیں۔

صدر ٹرمپ نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے واشنگٹن میں فوج بلائی تھی اور مظاہرین کو کچلنےاور پیچھے دھکیلنے کے لیے طاقت کا استعمال کیا گیا تھا۔

امریکی ری پبلکن صدارتی امیدوار بننے کے سابق خواہش مند مٹ رومنی نے بھی دوٹوک اندازمیں کہہ دیا ہے کہ وہ صدر ٹرمپ کے حامی نہیں۔

مٹ رومنی واحد ری پبلکن سینیٹر ہیں جنہوں نے صدر ٹرمپ کے مواخذے کے حق میں بھی ووٹ دیا تھا، انھوں نے واشنگٹن میں نسل پرستی کے خلاف ہونے والی مارچ میں بھی شرکت کی تھی۔

امریکی ری پبلکن سینیٹر لیزا مرکووسکی پہلے ہی کہہ چکی ہیں کہ صدر ٹرمپ کی حمایت جاری رکھنا مشکل ہوگیا ہے۔

سویلین رہنماؤں سے پہلے ٹرمپ دور میں پہلے وزیر دفاع جیمز میٹس بھی صدرٹرمپ کے خلاف انتہائی سخت کالم لکھ چکے ہیں۔

دوسری طرف امریکہ میں کورونا وائرس سے اب تک 1 لاکھ 12 ہزار 469 افراد ہلاک ہو چکے ہیں جبکہ کورونا وائرس میں مبتلا ہونے والوں کی مجموعی تعداد 20لاکھ 7ہزار 449 ہو چکی ہے۔

کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد کے حوالے سے ممالک کی فہرست میں برازیل دوسرے نمبر پر ہے جہاں کورونا کے مریضوں کی تعداد 6 لاکھ 91 ہزار 962 تک جا پہنچی ہے جبکہ اس مہلک وائرس 37 ہزار 312 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔

متعلقہ مضامین

Back to top button