عراق

عراق: الکاظمی نے کابینہ کی ابتدائی فہرست پیش کی، داعشی کُھرچن کی صفائی

شیعت نیوز: عراق کے نامزد وزیر اعظم نے اپنی مجوزہ کابینہ کے وزراء کی ابتدائی فہرست پیش کردی ہے۔ حشد الشعبی نے شہر سامرا میں داعش کی سرگرمیوں کے خلاف اپنی سیکورٹی کارروائی شروع کر دی ہے۔

عراق کے نامزد وزیر اعظم مصطفی الکاظمی نے جنہیں عراقی صدر نے کابینہ تشکیل دینے کی ذمہ داری سونپی ہے، جائزہ لینے کی غرض سے، شیعہ دھڑوں کے سات رہنماؤں کے سامنے نئی عراقی کابینہ کے افراد کی فہرست پیش کر دی ہے۔

الفتح الائنس کے سربراہ محمد الغبان نے بھی اس اجلاس کے بعد کہا کہ مصطفی الکاظمی نے عراق کی مجوزہ کابینہ کی فہرست تیار کر کے سیاسی پارٹیوں کے سامنے پیش کردی ہے تاہم ابھی کابینہ کی فہرست مکمل نہیں ہے۔

عراقی پارلیمنٹ میں الفتح الائنس کے رکن فاضل الفتلاوی نے کہا ہے کہ عراقی پارلیمنٹ آئندہ ہفتے منگل کو مصطفی الکاظمی کی کابینہ کو اعتماد کا ووٹ دینے کے لئے اجلاس طلب کرے گی۔

یہ بھی پڑھیں : عراق میں حشد الشعبی نے داعش کا حملہ ناکام بنا دیا، سات داعشی دہشت گرد ہلاک

عراق کے صدر برہم صالح نے عدنان الزرفی کی جانب سے کابینہ تشکیل دینے میں ناکامی کے بعد مصطفی الکاظمی کو کابینہ تشکیل دینے کی ذمہ داری سونپی تھی اور آئین کے مطابق وہ تیس دن کے اندر نئی کابینہ کے وزراء کو اعتماد کا ووٹ حاصل کرنے کے لئے پارلیمنٹ میں پیش کریں گے۔

دوسری جانب عراق کی عوامی رضاکار فورس حشد الشعبی نے شہر سامرا میں داعش دہشت گرد گروہ کی سرگرمیوں کے خلاف اپنی سیکورٹی کارروائی شروع کر دی ہے۔

شہر سامرا میں عوامی رضاکار فورس حشد الشعبی کی آپریشنل کمان نے ایک بیان میں کہا ہے کہ یہ کارروائی، عراق کے سامرا شہر کے مغرب میں واقع مختلف علاقوں منجملہ التعاون، البو صویلح اور الصبیحات میں داعش دہشت گرد عناصر کے پنپنے کی اطلاعات موصول ہونے کے بعد شروع کی گئی ہے۔

اس بیان میں آیا ہے کہ حشد الشعبی نے ان علاقوں میں دہشت گردوں کا پتہ لگانے کے لئے تلاشی کی کارروائی شروع کر دی ہے۔

گذشتہ دو روز کے دوران عراق کے صوبوں دیالہ اور نینوا میں عوامی رضاکار فورس حشد الشعبی کے اہلکاروں اور داعشی دہشت گرد عناصر کے درمیان جھڑپیں بھی ہوئی ہیں۔

داعش دہشت گروں نے الحضر کے صحرائی علاقے سے نینوا کے جنوب مغربی علاقوں میں داخل ہونے کی کوشش کی جسے حشدالشعبی نے ناکام بنا دیا۔

دوسری جانب صوبے دیالہ میں دہشت گردوں کے ٹھکانے پر عراقی فضائیہ کے حملے میں کم از کم سات دہشت گرد ہلاک ہو گئے۔

متعلقہ مضامین

Back to top button