سعودی عرب

کورونا وائرس، تراویح اور نمازِ عید گھروں میں ادا کی جائے۔ سعودی مفتی اعظم

شیعت نیوز : سعودی عرب کے مفتی اعظم نے کہا ہے کہ کورونا وائرس سے پھیلنے والی وبا کے باعث تراویح اور عید کی نماز گھروں میں ادا کی جائے گی۔

سعودی عرب کی سرکاری خبر رساں ادارے کے مطابق جمعے کو شیخ عبدالعزیز الشیخ نے کہا کہ رواں برس کورونا وائرس کی روک تھام کے لیے اختیار کی گئی تدابیر کے پش نظر مساجد میں نمازِ تراویح کا اہتمام نہیں کیا جائے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ اگر وبا کا پھیلاؤ ماہ مبارک میں بھی جاری رہا تو عید الفطر کی نماز بھی گھروں میں ادا کی جائے گی، رمضان المبارک کے آغاز سے تقریباً ایک ہفتے قبل سعودی مفتی اعظم کا یہ بیان سامنے آیا ہے۔

واضح رہے کہ سعودی وزارت حج و عمرہ نے دنیا بھر کے مسلمانوں کو عمرہ اور حج مؤخر کرنے کی ہدایات جاری کی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : سعودی شاہی خاندان کی بڑی تعداد کورونا میں مبتلا، شہزادی بادشاہ سے اپیل

دوسری طرف سعودی عرب میں کورونا وائرس کے مریضوں میں 762 نئے مریضوں کا اضافہ ہوا ہے، گزشتہ 24 گھنٹوں میں چار مریض جان کی بازی ہار چکے ہیں جبکہ کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد سات ہزار سے تجاوز کر چکی ہے۔

سعودی عرب میں بروز جمعہ کورونا وائرس کے 762 نئے کیسز سامنے آئے ہیں، متاثرین کی کل تعداد 7،142 ہوگئی ہے، وزارتِ صحت کے ترجمان نے جمعہ کو ریاض میں پریس بریفنگ کے دوران بتایا کہ صحت یاب افراد کی تعداد 1،049 ہے جبکہ 4 مزید اموات کے بعد وفات پانیوالے87 ہوگئے ہیں۔

مکہ مکرمہ میں کورونا کےسب سے زیادہ نئے مریض سامنے آئے ان کی تعداد 325 ہے، مدینہ منورہ میں197، جدہ میں 142 جبکہ ریاض میں 24 کیسز سامنے آئے ہیں۔

غیرسرکاری ذرائع کا کہنا ہے کہ سعودی عرب میں کورونا کے دسیوں ہزار مریض ہیں حکام نامعلوم وجوہات کی بنا پر حقائق چھپانے کی کوشش کررہے ہیں۔ سعودی شہری مجتہد نے حکام پر الزام عائد کیا ہے کہ وہ عوام کو حقائق نہیں بتا رہے۔

متعلقہ مضامین

Back to top button