سکھر میں مجلس وحدت مسلمین کے تحت سیلاب متاثرین کی امدادی مہم کا آغاز
شیعیت نیوز : گلگت بلتستان، خیبرپختونخوا اور پنجاب میں حالیہ سیلابی تباہ کاریوں کے باعث لاکھوں لوگ بے گھر ہو کر کھلے آسمان تلے زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔ ماہرین کے مطابق یہ تباہ کاریاں سندھ کو بھی اپنی لپیٹ میں لے سکتی ہیں۔
قائد وحدت سینٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کی ہدایت پر ملک بھر کی طرح مجلس وحدت مسلمین ضلع سکھر کی جانب سے بھی متاثرین سیلاب کی امداد کے لیے عملی اقدامات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ اسی سلسلے میں گھنٹہ گھر سکھر اور بروز جمعہ جامع حیدری مسجد پرانہ سکھر کے سامنے امدادی کیمپ قائم کیا گیا جس میں بڑی تعداد میں نمازیوں اور اہلِ علاقہ نے بھرپور تعاون کیا۔
یہ بھی پڑھیں : پاکستان نے سیلاب سے بچاؤ کے مؤثر اقدامات کیوں نہ کیے؟ آیت اللہ ریاض نجفی
اس موقع پر مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے رہنماؤں ایڈووکیٹ محسن سجاد اتراء، ایڈووکیٹ احسان شر، ایڈووکیٹ عبداللہ بلوچ، کاشف شاہ اور زوہیب کلوڑ نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا کہ:
"مشکل کی اس گھڑی میں ہم اپنے ہم وطنوں کو تنہا نہیں چھوڑیں گے۔ متاثرین کی ہر ممکن امداد کرنا ہمارا دینی، اخلاقی اور قومی فریضہ ہے، اور اس مقصد کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔”







