اہم ترین خبریںترکیمقبوضہ فلسطین

ترکی نے اسرائیلی بحری و فضائی راستے بند کر دیے، ترک وزیر خارجہ

وزیر خارجہ کا کہنا ہے کہ غزہ میں جاری نسل کشی عالمی برادری کے لیے فوری ایکشن کا تقاضا کرتی ہے

شیعیت نیوز : ترک میڈیا کو دیے گئے ایک انٹرویو میں وزیر خارجہ ہاکان فدان نے اعلان کیا ہے کہ ترک بحری جہازوں کو اسرائیلی بندرگاہوں پر جانے کی اجازت نہیں دی جائے گی اور اسرائیلی طیاروں کے لیے بھی ترک فضائی حدود بند کر دی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ غزہ میں جاری نسل کشی کی حقیقت دنیا تسلیم کر چکی ہے لیکن اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو اسے چھپانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ عالمی برادری کو چاہیے کہ وہ اسرائیل کے پیدا کردہ قحط کو ختم کرنے کے لیے فوری اقدامات کرے۔

یہ بھی پڑھیں : یمنی وزیراعظم احمد غالب الرہوی اسرائیلی فضائی حملے میں شہید

ترک وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ یہ فیصلہ غزہ پٹی میں جاری نسل کشی، مغربی کنارے اور مقبوضہ بیت المقدس میں اسرائیلی جارحانہ اقدامات کے خلاف ردعمل ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکا کی لامحدود حمایت کے ذریعے غزہ پر قبضے کا اسرائیلی منصوبہ دراصل دو ریاستی حل کو ناکام بنانے کی کوشش ہے۔

ہاکان فدان نے اس جانب بھی اشارہ کیا کہ امریکا نے غزہ پر اسرائیلی حملوں کے حوالے سے اپنا رویہ بدل لیا ہے اور اب وہ کھل کر تل ابیب کا دفاع نہیں کر رہا۔

قابل ذکر ہے کہ اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کے اداروں کے مطابق اکتوبر 2023 سے اب تک اسرائیلی حملوں میں تقریباً 63 ہزار فلسطینی شہید ہو چکے ہیں جبکہ محصور غزہ شدید قحط اور تباہی کا شکار ہے۔

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button