دنیا

کورونا سے امریکہ میں مزید 217 افراد ہلاک، 14 ہزار متاثر

شیعت نیوز: امریکہ میں جان لیوا کورونا وائرس سے متاثر ہونے والوں کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے۔

رپورٹ کے مطابق امریکہ میں کورونا وائرس کی وجہ سے اب تک 217 لوگوں کی موت ہوگئی ہے جبکہ دو امریکی ارکان پارلیمنٹ سمیت 14 ہزار 340 افراد کے اس میں مبتلا ہونے کی تصدیق ہوئی ہے جس کے بعد امریکہ کینیڈا سرحد غیرضروری سفر کے لیے بند کردی گئی۔

امریکی ارکان کانگریس مک ایڈمز اور ماریو ڈائز بالارٹ بھی کورونا میں مبتلا ہوگئے ہیں جبکہ ایک درجن سے زائد ارکان کانگریس کو قرنطینہ میں جانا پڑگیا۔

یہ بھی پڑھیں : صرف تفتان نہیں،امریکہ اورلندن سے بھی کورونا کے مریض پاکستان آئے ہیں،ناصرشاہ

دوسری جانب امریکی سینیٹ میں شہریوں کی معاشی مدد کے لیے 100 ارب ڈالرکا ہنگامی پیکیج منظور کرلیا گیا ہے۔

امریکی حکام نے اپنے ملک میں کورونا وائرس کے سلسلے میں حقائق کو چھپانے کے لئے ہر طرح کے مکر و فریب کا راستہ اختیار کرنے کے بعد آخرکار کورونا سے پیدا ہونے والے بحرانی حالات کا اعتراف کر ہی لیا۔

امریکہ کے وزیر خزانہ اسٹیون منوچین نے کہا ہے کہ کورونا وائرس امریکہ کی ہوائی کمپنیوں کے لئے گیارہ ستمبر دوہزار ایک کے حملوں سے بھی زیادہ بدتر ثابت ہوا ہے۔امریکہ کے وزیر خزانہ نے خبردار کیا ہے کہ کورونا کا پھیلاؤ ممکن ہے ملک میں بے روزگاری کی شرح کو بیس فیصد تک بڑھا دے۔

اسٹیون منوچین نے ریپبلکن سینیٹروں سے اپیل کی ہے کہ وہ امریکی معیشت میں جان ڈالنے کے لئے فیڈرل حکومت کے ایک ٹریلین ڈالر کے امدادی پیکج کی حمایت کریں۔

امریکی وزیر خزانہ نے کہا ہے کہ اس بات کا قوی امکان ہے کہ کورونا وائرس پھیلنے کے نتائج ملک کے لئے دوہزار آٹھ میں پیدا ہونے والے اقتصادی بحران سے بھی زیادہ برے ہوں۔

واضح رہے کہ 194 ممالک میں سے 178 ممالک کورونا وائرس سے متاثر ہوچکے ہیں جبکہ دنیا میں 9 ہزار سے زائد افراد ہلاک اور تقریباً 2 لاکھ 20 ہزارافراد کورونا وائرس سے متاثر ہوچکے ہیں۔

متعلقہ مضامین

Back to top button