دنیا

محی الدین یاسین نے ملائیشیا کے نئے وزیراعظم کا حلف اٹھا لیا

شیعت نیوز: ملائیشیا میں سیاسی بحران مزید سنگین ہو گیا، ملائے نیشنلسٹ پارٹی کے محی الدین یاسین نے وزیراعظم کی حیثیت سےحلف اٹھا لیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق محی الدین یاسین کو سابق وزیراعظم نجیب رزاق کی پارٹی کی حمایت حاصل ہے، محی الدین 9 مارچ کو پارلیمان سے اعتماد کا ووٹ لیں گے۔

کوالا لمپور سے موصولہ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ سابق وزیر داخلہ محی الدین یاسین کو ملیشیا کے بادشاہ، سلطان عبداللہ احمد شاہ نے قومی محل میں ملک کے نئے وزیر اعظم کا حلف دلایا۔

یہ بھی پڑھیں : ملائیشین وزیراعظم مہاتیر محمد اپنے عہدے سے مستعفی ہوگئے

یاد رہے کہ چورانورے سالہ مہاتیر محمد نے چوبیس فروری کو اچانک اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا۔ بتایا جاتا ہے کہ مہاتیر محمد نے حکمراں اتحاد کے بعض رہنماؤں سے اختلاف کے بعد اپنے عہدے سے استعفیٰ دیا تھا۔

مہاتیر محمد کے استعفے کے بعد محی الدین جوائنٹ ملیشین نیشنل آرگنائزیشن اور دیگر اہم اپوزیشن جماعتوں کی حمایت حاصل کرکے وزیر اعظم کے عہدے کے دعویدار بن گئے۔ جس کے بعد ملیشیا کے بادشاہ سلطان عبداللہ احمد شاہ نے سنیچر کو انہیں ملک کا نیا وزیر اعظم نامزد کردیا تھا۔

محی الدین یاسین مہاتیر محمد کی کابینہ میں وزیر داخلہ تھے۔ وہ اسی کے ساتھ سابق وزیر اعظم نجیب رزاق کی حکومت میں بھی بحیثیت نائب وزیر اعظم کام کرچکے ہیں۔

دوسری جانب خبر ایجنسی کے مطابق مہاتیر محمد نے محی الدین یاسین کے وزیراعظم بننے کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے کہا ہے ایسا لگ رہا کہ ان کے ساتھ دھوکا کیا گیا ہے، انہیں پارلیمنٹ کے 114 ارکان کی حمایت حاصل تھی۔

مہاتیر محمد کا کہنا ہے کہ یہ بہت عجیب ہے 2018ء کے انتخابات میں ہارے ہوئے لوگ اب حکومت بنائیں گے۔ واضح رہے کہ مہاتیر محمد ایک ہفتے پہلے اپنے اتحادی انور ابراہیم سے اختلافات پر مستعفیٰ ہو گئے تھے۔

متعلقہ مضامین

Back to top button