ایران عراق بارڈر کے مقام شلمچہ پر پاکستانی زائرین کا مسئلہ حل ہوگیا
شیعت نیوز :ایران عراق بارڈر کے مقام شلمچہ پر رکے ہوئے پاکستانی زائرین کے لئے کچھ مسائل پیش آگئے تھے جس کے حل ہونے کے بعد زائرین عراق میں داخل ہوکر اپنی منزل کربلا معلیٰ کی جانب روانہ ہوگئے۔
اطلاعات کے مطابق ایرانی وزارت خارجہ کے سینئر عہدیدار مجتبی کریمی کا کہنا ہے کہ ایران عراق بارڈر کے مقام شلمچہ سے عراق میں داخلے کے منتظر پاکستانی زائرین کے لئے کچھ مسائل پیش آگئے تھے جو اب حل ہوگئے ہیں ۔انھوں نے بتایا شلمچہ بارڈر پر رکے ہوئے پاکستان زائرین کے قافلہ سالاروں کو عراقی حکام کی جانب سے دیئے جانے والے احکامات پر رضامندی اور زائرین کے حوالے سے پیش کئے گئے معاہدے پر دستخط ہونے کے بعد پاکستانی زائرین عراقی بارڈر عبور کر کے کربلا معلیٰ کی جانب رواں دواں ہیں۔
یہ بھی پڑھیں :امریکہ نواز عراقی وزیر خارجہ اربعین امام حسینؑ کی راہ میں رکاوٹ بن گیا
ایرانی وزارت خارجہ کے ویزا اور پاسپورٹ کے امور کے ادارے کے سربراہ مجتبی کریمی کا مزید کہنا تھا کہ عراقی حکام کی جانب سے پاکستانی و ایرانی زائرین کو ایرانی بارڈر کے مقام شلمچہ سے عراق میں داخل ہونے کے حوالے سے ہدایات جاری کی گئی تھیں،لیکن عراقی ٹریول ایجنسیوں نے پاکستانی و ایرانی زائرین کے عراقی میں داخلے کے لئے شلمچہ کے بجائے دیگر مقامات سے عراق میں داخلے کا اعلامیہ جاری کیا ہوا تھا، لیکن حکومت عراق کے اعلان کے مطابق پاکستانی و ایرانی زائرین کو صرف شلمچہ سے ہی عراق میں داخل ہونے کی اجازت تھی ۔اسی کشمکش کی وجہ سے پاکستانی زائرین کے عراق میں داخلے کے حوالے سے مشکلات کا سامنا کرنا پڑا تھا ۔







