حالیہ زلزلے سے منگلا ڈیم کو کوئی نقصان نہیں پہنچا، چیئرمین این ڈی ایم اے
شیعت نیوز:حالیہ زلزلے میں منگلا سے جاتلاں جانے والی سڑک متاثر ہوئی ہے، جس میں 3 پل بھی زلزلے کی زد میں آئے ہیں۔پاک فوج کی جانب سے زلزلے سے متاثرہ علاقوں میں امدادی کام شروع کر دیا گیا ہے۔
اطلاعات کے مطابق حالیہ زلزلے سے ہونے والے نقصانات اور امدادی کاموں کے حوالے سے چیئرمین نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی ( این ڈی ایم اے) لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ زلزلے سے منگلا ڈیم متاثر نہیں ہوا ہے صرف کچھ دیر کے لئے ٹربائین بند کی گئی ہیں۔ زلزلے سے متاثرہ علاقوں میں فوری طور پر امدادی سامان روانہ کر دیا گیا ہے اور متاثرہ علاقوں میں دو سے تین روز میں بارشوں کا بھی امکان ہے۔
یہ بھی پڑھیں :سانحہ گٹی داس،آغا علی رضوی کا متاثرین کی فوری امداد پر فورس کمانڈر، بلتستان و دیامر انتظامیہ سے اظہار تشکر
لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل کا مزید کہنا تھا کہ ہمارا دھیان ریسکیو آپریشن پر رہے گا،اس سلسلے میں ہم کمبل، میڈیکل کے سامان سمیت دیگر ضروری اشیاء متاثرہ علاقوں کو روانہ کر رہے ہیں کیونکہ اگلے دو سے تین روز میں بارش کا بھی امکان ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاک فوج کے جوان پوری جانفشانی سے زلزلے سے متاثرہ اپنے پاکستانی بھائیوں کی خدمت میں مصروف ہیں،اس وقت پاک فوج کو عوامی رضا کاروں اور امداد کی ضرورت نہیں ہے اگر ضرورت پڑی تو ہم اس کا اعلان کر دیں گے۔







