مادر وطن پر جان قربان کرنے والے اخترحسین کےحسینی ؑباپ کا سجدہ شکر،مزید بیٹوں کی قربانی کرنے کاعزم

16 ستمبر, 2019 16:17

شیعت نیوز: شمالی وزیرستان میں شہید ہونے والے 23 سالہ حسینیؑ فوجی جوان اختر حسین کا جسد خاکی جونہی آبائی گائوں ہرپوہ روندو پہنچا تو پیروامام حسین ؑوالد نے سجدہ شکر بجا لایا اور مزید پانچ بیٹے بھی وطن پر قربان کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ شہید سپاہی اختر حسین 2017ء میں پاک فوج میں بھرتی ہوئے تھے، وہ گزشتہ دنوں شمالی وزیرستان میں دہشتگردوں سے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کر گئے تھے۔

بیٹے کی شہادت کی خبر والد کو یونٹ سے بزریعہ کال ایک روز پہلے ہی دی گئی تھی، بلند حوصلے اور صبر کے مالک باپ نے گھر والوں کو خبر نہ دی اور خاندان والوں کو بیماری کا بہانہ بنا کر یہ خبر غم اکیلا سہتا رہا۔ شہید کا جسد خاکی جونہی ان کے گھر پہنچا تو انہوں نے سجدہ شکر بجا لایا اور مزید پانچ بیٹے بھی وطن پر قربان کرنے کا اعلان کیا۔ شہید سپاہی اختر حسین نے پسماندگان میں ایک بیٹی، بیٹا، بیوہ اور والدین سوگوار چھوڑے ہیں۔ یاد رہے کہ شہید اختر حسین کے والد فدا حسین کارگل جنگ کے غازی ہیں۔

شمالی وزیرستان میں شہید ہونے والے بلتستان کے ضلع روندو ہرپورہ کے سپاہی اختر حسین کو پورے فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کر دیا گیا، سپاہی اختر حسین ولد فدا حسین گذشتہ دنوں شمالی وزیرستان کے علاقے سپین وام میں معمول کی گشت پر تھے کہ شرپسندوں نے حملہ کر دیا، اے کے رجمنٹ سے تعلق رکھنے والے سپاہی اختر حسین نے دلیری سے ان کا مقابلہ کرتے ہوئے دو دہشتگردوں کو موت کے گھاٹ اتار دیا، تاہم اس کے بعد دہشتگردوں کے مسلسل حملوں کے نتیجے میں وہ شہید ہو گئے۔

یہ بھی پڑھیں: پاک فوج کے جوانوں پر سرحد پار سے حملے بزدلانہ اقدام ہے ، علامہ عارف واحدی

ان کے جسد خاکی کو پاک فوج کے ہیلی کاپٹر کے ذریعے سکردو لایا گیا جہاں سے ان کو آبائی گاؤں ہرپوہ روندو پہنچا کر پورے فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کر دیا گیا۔ شہید کی نماز جنازہ میں سٹیشن کمانڈر 62 بریگیڈ محمد نعیم، چیئرمین پی اے سی سکندر علی، اے سی روندو طیب سمیع سمیت پاک فوج کے افسران اور علاقہ عمائدین و سینکڑوں لوگوں نے شرکت کی۔

شہید کی قبر پر صدر مملکت، آرمی چیف، جوائنٹ چیفس کمیٹی کی جانب سے پھول چڑھائے گئے، اس موقع پر بریگیڈئیر محمد نعیم نے کہا کہ پاک فوج کو اختر حسین کی شہادت پر فخر ہے، جس طرح شہید اختر حسین نے جرات مندی سے شرپسندوں کا مقابلہ کرتے ہوئے دو دہشتگردوں کو موت کے گھاٹ اتار دیا، پاک فوج شہید کے اس کارنامے کو ہمیشہ یاد رکھے گی۔ ان کی شہادت سے ہمارے حوصلے اور بلند ہوئے ہیں اور ملک عزیز میں دہشتگردوں کے مکمل خاتمے تک پاک فوج لڑے گی اور ملک کو عملی طور پر امن کا گہوارہ بنائے گی۔ چیئرمین پی اے سی سکندر علی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ روندو کے عوام ہمیشہ پاک فوج کے شانہ بشانہ ہیں، ضرورت پڑنے پر روندو کا ہر ایک فرد پاک فوج کے ساتھ ملک کیلئے خون کا آخری قطرہ بہانے کیلئے بھی تیار ہے۔

6:15 صبح اپریل 21, 2026
بریکنگ نیوز:
اوپر تک سکرول کریں۔