ستائیس 27رجب عید بعثت: حضرت محمدؐ کی پیغمبری کے آغاز کادن منایا جارہا ہے

03 اپریل, 2019 21:15

شیعیت نیوز: مَبعَث یا بعثت، اسلامی اصطلاح میں اس دن کو کہا جاتا ہے جس میں حضرت محمدؐ کو پیغمبری پر مبعوث کیا گیا۔ یوں یہ دن دین اسلام کا سر آغاز قرار پاتا ہے۔ جب یہ واقعہ پیش آیا تو اس وقت آپ کی عمر 40 سال تھی اور آپ غار حراء جو کوه نور (مکہ سے نزدیک ایک پہاڑی) میں واقع ہے، میں خدا کے ساتھ راز و نیاز میں مشغول تھے۔ شیعوں کے یہاں مشہور ہے کہ یہ واقعہ 27 رجب، کو ہجرت سے 13 سال پہلے پیش آیا ہے۔

پیغمبر اکرمؐ کی بعثت سے پہلے مکہ اور اس کے گرد و نواح کے لوگ اکثر بت پرست تھے۔ جبکہ بعض دیگر آسمانی شریعتوں کے ماننے والے بھی اس سرزمین کے بعض حصوں میں زندگی بسر کرتے تھے لیکن آپؐ کی بعثت کے بعد دین اسلام تیزی سے پھیلنے لگا یوں حجاز سے بت پرستی کا قلع و قمع ہوا۔

یہ دن مسلمانوں بالاخص شیعوں کے یہاں نہایت خوشی کا دن ہے اور عید مبعث کے نام سے مشہور ہے جسے ہر سال 27 رجب کو نہایت عقیدت و احترام سے منایا جاتا ہے۔

دوسری جانب اسی رات کے حوالے سے مشہور ہے کہ رسول اللہ کو معراج کروائی گئی تھئ، شب معراج کا واقعہ اعلانِ نبوت کے پانچویں سال پیش آیا جب فرشتوں کے سردار حضرت جبرائیلؑ انبیا ءکے سردار کے پاس آئے اور عرض کی ’ اے اللہ کے رسول ﷺ ، آپ کا رب آپ سے ملاقات کا خواہشمند ہے‘۔ حضور اکرم ﷺ براق پر بیٹھ کر مسجد حرام سے مسجد اقصیٰ گئے جہاں تمام انبیا کرام علیہم السلام نے آپ کی قیادت میں دوگانہ ادا کیا۔ جس کے بعد حضورﷺ تمام آسمانوں پر مختلف انبیا کرامؑ سے ملاقاتیں کرتے ہوئے عرشِ معلیٰ پر پہنچے اور اللہ کے حضور پیش ہوئے۔ اللہ اور اس کے محبوب کی اس روبرو ملاقات میں امتِ محمدیہ کیلئے پانچ نمازوں کا تحفہ عطا کیا گیا۔

پاکستان میں بھی اس دن کی مناسبت سے خصوصی اہتمام کیا گیا ہے، مساجد کو روش کردیا گیا ہے جبکہ اس دن کے حوالےسے خصوصی اعمال بھی انجام دیئے جارہے ہیں۔

 

 

 

8:44 شام مارچ 17, 2026
بریکنگ نیوز:
اوپر تک سکرول کریں۔