نئے پاکستان میں کسی کو بھی کسی دوسرے مسلمان پر کفر کا فتویٰ لگانے کی اجازت نہیں ہے،وزیر مملکت برائے داخلہ شہریارآفریدی
شیعیت نیوز: وزیر مملکت برائے داخلہ شہر یارخان آفریدی نے اسلام آباد میںجامع امام صادق ؑ سمیت مختلف مکاتب فکر کے مدارس کا دورہ کیا اور علماء کرام اور مدارس کی انتظامیہ سے ملاقات کی۔ انہوں نے جامع الصادقؑ کی لائبریری کا بھی دورہ کیا اور مختلف کتب کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیر مملکت شہریارآفریدی نے کہا کہ پاکستان کی ترقی و تعمیر میں تمام مکاتب فکر کے علما کو ملکر کام کرنا ہوگا۔ دین کی تعلیم حاصل کرنے والے طالب علم قوم کا سرمایہ ہیں، دین کی تعلیم حاصل کرنے والے اللہ پاک کے پسندیدہ لوگوں میں شامل ہیں، دنیا میں مختلف مذاہب کے لوگوں کا احترام ہر انسان ہر فرض ہے، مسلمان کو جدید تعلیم و تحقیق پر توجہ دینا ہوگی۔
وزیر مملکت نے واضح کیا کہ تمام مکاتب فکر کو ایک دوسرے کا احترام کرنا ہوگا۔ مدرسوں کے مہتمم اور اساتذہ کو تنخواہ دینا ریاست کی ذمہ داری ہے، نئے پاکستان میں ہر انسان اور مذہب کو مکمل عزت دی جا رہی ہے۔ نئے پاکستان میں کسی مسلمان کو کسی دوسرے مسلمان پر کفر کا فتویٰ لگانے کی اجازت نہیں ہے۔ علم عمل کے بغیر بےثمر ہے۔ شہریار خان آفریدی نے کہا کہ مذہب، مسلک اور کسی دوسری وجہ کی آڑ میں قانون توڑنے والوں سے ریاست سختی سے نمٹے گی۔







